ن لیگ کو دھچکا، صدر ڈسٹرکٹ بار سیالکوٹ پی ٹی آئی میں شامل

82

اسلام آباد (آئی این پی) صدر ڈسٹرکٹ بار سیالکوٹ سہیل اقبال ہرڑ نے مسلم لیگ (ن) کو خیرباد کہتے ہوئے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کر لی۔ تفصیل کے مطابق صدر ڈسٹرکٹ بار سیالکوٹ سہیل اقبال ہرڑ نے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان اور شیخ وقاص اکرم سے ملاقات کے بعد مسلم لیگ ن چھوڑ کر تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا، انہوں نے عدلیہ تحریک میں متحرک کردار ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس موقع پر بیرسٹر گوہر علی خان نے سہیل اقبال ہرڑ کو پارٹی میں خوش آمدید کہا اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ صدر ڈسٹرکٹ بار سیالکوٹ سہیل اقبال ہرڑ کی شمولیت سے پارٹی مزید مضبوط ہوگی اور علاقے میں پی ٹی آئی کی پوزیشن مستحکم ہوگی۔ شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ سہیل اقبال ہرڑ اس وقت سیالکوٹ بار کے موجودہ صدر ہیں، ان کا ماضی میں مسلم لیگ ن سے تعلق بھی رہا ہے، انہیں تحریک انصاف میں شمولیت پر خوش آمدید کہتے ہیں، یہ ہماری آزادی تحریک کا حصہ بننے جا رہے ہیں، اُمید ہے کہ یہ عدلیہ کی آزادی، آئین کے تحفظ اور عمران خان کے ویژن کی تعبیر کے لیے ہمارے ساتھ چلیں گے۔ سہیل اقبال ہرڑ کا مسلم لیگ ن سے طویل عرصے کا تعلق تھا لیکن حالیہ سیاسی حالات کے پیش نظر انہوں نے تحریک انصاف کے منشور کو اپناتے ہوئے پارٹی میں شمولیت کا فیصلہ کیا۔