عوام اسرائیلی جارحیت کے خلاف 6اکتوبر کو الاقصیٰ ملین مارچ میں بھر پور شرکت کریں، منعم ظفر

148
new direction to domestic politics

 کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان کا کہنا ہے کہ  اسرائیل کی جارحیت و دہشت گردی کو روکنے کے لیے پوری امت کو متحد بالخصوص ہمارے حکمرانوں کو بزدلی ترک کرکے اسرائیل کے خلاف مشترکہ طور پر راست اقدام کرنا پڑے گا، عوام اسرائیلی جارحیت کے خلاف 6اکتوبر کو الاقصیٰ ملین مارچ میں بھر پور شرکت کریں۔

منعم ظفر خان نے ٹاؤن چیئرمین لیاقت آباد فراز حسیب،وائس چیئرمین اسحاق تیموری،کے ہمراہ یونین کمیٹی نمبر07 سی ایریا میں ٹیپو سلطان پارک اور سید شہاب الدین ماڈل اسٹریٹ کا افتتاح کرتے ہوئے کہاکہ  عوام کے اندر اسرائیل کے حوالے سے کوی ابہام نہیں، عوام اسرائیل کے خلاف ہیں، حکمرانوں پر عوامی دباؤ بڑھانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ  جماعت اسلامی کے تحت اتوار 6اکتوبر کو 3بجے دن شاہراہ فیصل پر عظیم الشان اور تاریخی ”الاقصیٰ ملین مارچ“ منعقد ہوگا، اہل کراچی اپنی فیملی کے ہمراہ جوق در جوق شریک ہوں اور پوری دنیا کو اسرائیل کے خلاف متحد ہونے کا پیغام دیں۔

 امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات میں لیاقت آباد کے لوگوں نے جماعت اسلامی پر اعتماد کا اظہار کیا،ہم لیاقت آباد ٹاؤن کے عوام کے اعتماد پر پورا اتریں گے۔ 10 مہینے میں ہمارے نوجوان ٹاؤن چیئرمین فراز حسیب اور ان کی ٹیم نے لیاقت آباد ٹاون میں مثالی ترقیاتی کام کرکے ثابت کر دیا ہے کہ ہم نے دعوے نہیں بلکہ عوام کے اعتماد و تعاون سے کام کر کے دکھایا۔