لاہور: وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت تشدد پھیلانے والوں سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔
عالمی یومِ عدم تشدد کے موقع پر وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ عدم تشدد کا راستہ اپنانے والا معاشرہ ہی ترقی اور استحکام کی راہ پر گامزن ہوتا ہے ،ہر قسم کا تشدد اور انتشار پسندی قابل مذمت ہے، عدم تشدد کا راستہ ہی حقیقی کامیابی کا ضامن ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ معاشرتی ترقی اور فلاح کی بنیاد طاقت یا تشدد نہیں بلکہ امن اور برداشت پر ہے، عدم تشدد کا نظریہ انسانیت کا سب سے بڑا نظریہ ہے، باہمی اختلافات کو بات چیت سے حل کے کلچر کو فروغ دیا جائے ،تشدد کسی مسئلے کا حل نہیں، بلکہ مزید بگاڑ پیدا کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے پنجاب کی تعمیر میں مصروف ہیں جہاں ہر شخص کوامن سے جینے کا حق ملے، اورقانون کی حکمرانی ہو، تشدد، انتہاپسندی اور نفرت کے خلاف عدم تشدد کے پیغام کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، پرامن پاکستان کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کریں۔