حکومتی پالیسیوکے باعث کاروبار کرنا ناممکن ہوگیا،حیدرآباد اسمال ٹریڈرز

109
اسمال ٹریڈرزحیدرآباد کے نومنتخب صدر محمد سلیم میمن، سینئر نائب صدر ادریس چوہان، سرپرست امین کھتری ودیگر خطا ب کررہے ہیں
اسمال ٹریڈرزحیدرآباد کے نومنتخب صدر محمد سلیم میمن، سینئر نائب صدر ادریس چوہان، سرپرست امین کھتری ودیگر خطا ب کررہے ہیں

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کاساتواں سالانہ جنرل باڈی کا اجلاس چیمبر سیکرٹریٹ میں منعقد کیا گیا۔ جس میں الیکشن کمیشن رکن نعیم اسلم نے نو منتخب عہدیداران صدر محمد سلیم میمن، سینئر نائب صدر احمد ادریس چوہان، نائب صدر شان الٰہی سہگل اور اراکین ایگزیکٹیو کمیٹی کے اراکین کے ناموں کا سرکاری طور پر اعلان کیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نو منتخب صدر سلیم میمن نے کہا کہ حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کا صدر بننا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے کیونکہ حیدرآباد کی تاجر برادری اپنے مسائل کے حل کے لیے اِس چیمبر کی طرف دیکھتی ہے اور حکومتی اداروں میں بھی حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کا نام جانا پہچانا جاتا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ چیمبر کے ممبران کی تعداد روز بروز بڑھتی جارہی ہے جو اِس بات کی گواہی ہے کہ حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری تاجروں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرتا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ وہ بھی اپنی ٹیم کے ساتھ چیمبر کی بھرپور خدمت کرنے کا عزم رکھتے ہیں اور آنے والے دو سالوں میں چیمبر کا نام مزید روشن کرنے کی کوشش جاری رکھیں گے۔ اِس موقع پر سابق صدر فاروق شیخانی نے تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری نے اِن دو سالوں میں سائٹ حیدرآباد کے انفراسٹرکچر کے لیے 1.1 اَرب روپے منظور کروائے اور حیدرآباد، کوٹری، جامشورو کی کوآرڈینیشن کمیٹیاں تشکیل دلوائی جن کی سفارشات پر انفراسٹرکچر کا کام کیا جارہا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری ایچ ڈی اے، واسا، حیدرآباد میونسپل کارپوریشن، ایس ایم بی آر، حیسکو، سوئی سدرن گیس کمپنی و دیگر محکموں کی کاکردگی پر رپورٹس جاری کی بلکہ اُن کی بہتری کے لیے سفارشات بھی مرتب کی گئی جنہیں حکومتی سطح پر بہت سراہا گیا۔ اُنہوں نے کہا کہ چیمبر کے پلیٹ فارم سے تاجروں کے مسائل کو حل کرنے کے لیے وفود نے وزیر اعلی سندھ، وزراء، چیف سیکریٹری و دیگر افسران سے ملاقاتیں کیں۔ اُنہوں نے کہا کہ چیمبر کا نام آج نا صرف سندھ بلکہ پورے پاکستان کے چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹریز میں اپنی کارکردگی کی بنا پر جانا پہچانا جاتا ہے۔ اِس موقع پر سر پرست اعلیٰ سیٹھ امین کھتری نے کہا کہ حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری حیدرآباد میں وزارت صنعت و تجارت اور ڈی جی ٹی او سے واحد رجسٹرڈ چیمبر ہے جو تاجروں کی خدمت جاری رکھے ہوئے ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ اُن کی اور تمام سربراہان کی اوّلین ترجیح میرٹ ہے اور حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے صدر کا انتخاب میرٹ کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔ اُنہوں نے سابق صدر چیمبر فاروق شیخانی کی دو سالہ کارکردگی کو تعریفی الفاظوں سے سراہا۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں حکومتی پالیسیوں کے باعث پاکستان میں کاروبار کرنا تقریباً نا ممکن ہوگیا ہے تاجروں اور ایف بی آر کے درمیان تنازعہ اس کی بڑی وجہ ہے۔ اُنہوں نے نو منتخب عہدیداران کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور اُمید ظاہر کی کہ وہ سب بھی تاجروں کی خدمت اِسی جذبے سے جاری رکھیں گے۔ اجلاس سے نومنتخب سینئر نائب صدر احمد ادریس چوہان، نو منتخب نائب صدر شان الٰہی سہگل، سابق سینئر نائب صدر ڈاکٹر محمد اسماعیل فاروق نامی، سابق نائب صدر یاسین خلجی نے بھی خطاب کیا اور اجلاس میں بہترین کارکردگی دکھانے والے کنوینرز اور اسٹاف میں سرٹیفکیٹ بھی تقسیم کیے گئے۔ اجلاس میں تمام نومنتخب و سابقہ ایگزیکٹیو کمیٹی کے اراکین، کنونیئرز و جنرل باڈی کے اراکین کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی۔