آی پی پیز معاہدے معاشی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہیں،حافظ سلمان خالد

110

میرپورخاص(نمائندہ جسارت) آئی پی پیز کے خلاف قانون ظالمانہ معاہدوں نے پاکستان کی معاشی ترقی کا پہیہ جام کیا ہے ،آئی پی پیز کمپنیوں سے معاہدے کرنے والوں کے خلاف ملک وقوم سے معاشی غداری کے مقدمات درج کرکے نشان عبرت بنایا جائے۔آئی ایم ایف کی ہدایات پر بنائی گئی معاشی پالیسیاں ملک و قوم کنگال کرکے بھوک و افلاس مسلط کررہی ہے۔ سود در سود کی ادائیگیوں کیلیے قرضے لینا بدترین کرپشن اور ناکام ترین پالیسی ہے۔ حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں ملک گیر حق دو عوام تحریک، عوام کے حقوق غضب کرنے والوں کو منطقی انجام تک پہچانے پر منتج ہوگی، ملک کا روشن اور تابناک مستقبل دیانتدار محب وطن قیادت سے وابستہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار حافظ سلمان خالد نے میرپورخاص میں مہنگی بجلی ، ظالمانہ ٹیکسسز ، آئی پی پیز معاہدوں کے خلاف اور حکومت کی وعدہ خلافی پر امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی ملک گیر اپیل پر جماعت اسلامی میرپورخاص کے تحت مارکیٹ چوک پر منعقدہ احتجاجی مظاہرے و دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرمقامی امیر نور الہٰی مغل ،عاصم شیخ،ظفر اقبال ناظم اسلامی جمعیت طلبہ عبدالرحیم خان ،عرفان قریشی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔دھرنے کے شرکامرکزی شاہراہ کو بلاک کردیا،مظاہرین مسلسل مہنگی بجلی ، ظالمانہ ٹیکسسز ،آئی پی پیز کے خلاف نعرے لگاتے رہے ۔