انگلینڈ سیریز، ظہیر عباس کا بابر اعظم کو قومی ٹیم سے نکالنے کا مطالبہ

25

کراچی (اسپورٹس رپورٹر ) کرکٹ لیجنڈ ظہیر عباس نے بابر اعظم کو قومی ٹیم سے نکالنے کا مطالبہ کردیا۔ تقریب سے خطاب میں ایشین بریڈمین نے کہا کہ “بابر اعظم اگر رنز ا سکور نہیں کررہے تو انہیں ٹیم سے ڈراپ کیا جانا چاہیے کیونکہ اگر وہ ہمارے اہم بلے باز ہیں اور وہ آئوٹ آف فارم ہیں تو انہیں ٹیم سے باہر ہونا چاہیے۔ یادرہے کہ بنگلا دیش کے خلاف پاکستان کی حالیہ ٹیسٹ سیریز بابر اعظم کی ایک اور ناقص سیریز رہی ، جہاں وہ صفر، 22، 11 اور 31 رنز بنا سکے جس کی وجہ سے سیریز میں پاکستان کو شکست ہوئی۔بابر اعظم آئی سی سی کی رینکنگ میں ٹاپ 10 بلے بازوں کی فہرست سے بھی باہر ہوگئے ۔ ظہیر عباس نے بابر اعظم اور ویرات کوہلی کے درمیان جاری موازنے پراپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اس تقابل کو “بے بنیاد” قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ‘ویرات کوہلی ہر میچ میں ا سکور کرتا ہے، دوسرا کھلاڑی( بابر) کسی میچ میں اسکور نہیں کرتا تو پھر آپ موازنہ کیسے کریں گے؟ جو شخص ا سکور کرتا ہے وہ بڑا کھلاڑی ہوتا ہے ۔