تھائی لینڈ: اسکول بس میں آتشزدگی ‘ 22 طلبہ اور 3 اساتذہ ہلاک

79
تھائی لینڈ میں آتش زدگی سے متاثر ہونے والی بس تباہ ہوگئی ہے

بنکاک (انٹرنیشنل ڈیسک) تھائی لینڈ میں پرائمری اسکول کی بس میں خوفناک آگ بھڑک اْٹھی جس کے نتیجے میں 22 طلبہ اور 3 اساتذہ ہلاک ہوگئے۔ خبر رساں ادارے کے مطابق بس میں بچے اور اساتذہ سوار تھے جو شمالی صوبے اتھائی تھانی کے سیاحتی دورے سے واپس آرہے تھے۔ عینی شاہد ین نے بتایا کہ تیز رفتار بس کا ٹائر پھٹ گیا جس کے نتیجے میں سڑک کنارے لگے باڑ سے ٹکرا کر الٹ گئی اور اس میں آگ بھڑک اْٹھی۔ آگ بس کے اگلے حصے میں لگنا شروع ہوئی اور بچے خوفزدہ ہوکر بس کے پیچھے حصے کی طرف چلے گئے، لیکن دروازے اور کھڑکیاں بند تھیں۔ صرف 19 افراد بس سے باہر نکلنے میں کامیاب ہوسکے جنہیں زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔ امدادی کاموں کے دوران 3 سے 15 سال کی عمر کے بچوں کی سوختہ لاشیں بس کے پچھلے حصے سے ملیں۔ لاشیں اتنی بری جلی تھیں کہ ان کی شناخت ہونا ناممکن ہے۔ وزیر ٹرانسپورٹ نے بتایا کہ زیادہ تر بسیں انتہائی خطرناک کمپریسڈ قدرتی گیس سے چلتی ہیں جس کے مسافر بسوں میں استعمال پر پابندی ہونی چاہیے۔ یاد رہے کہ تھائی لینڈ میں غیر معیاری سڑکیں، گاڑیوں کی خراب حالت اور ٹریفک کے بدترین نظام کے باعث سالانہ 20 ہزار سے زائد ہلاکتیں ہوتی ہیں۔