پاکستان کو اسلامی فلاحی مملکت بنانا چاہتے ہیں ٗ عذرا جمیل

82

کراچی(اسٹاف رپورٹر)حلقہ خواتین جماعت اسلامی سندھ کی نائب ناظمہ عذرا جمیل نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی پاکستان کو ایک اسلامی فلاحی مملکت بنانا چاہتی ہے جہاں جان و مال بھی محفوظ ہوں اور معیشت بھی مضبوط ہو۔ ملک اس وقت بدترین حالات سے گزر رہا ہے نہ امن و امان ہے اور نہ بنیادی سہولیات، معیشت کی صورتحال بھی بہت خراب ہے۔ان بدترین حالات میں بھی حکمران طبقہ اپنی عیاشیوں پر اربوں روپے خرچ کر رہاہے جبکہ ایک مزدور کی تنخواہ چند ہزار ہے ان حالات میں جماعت اسلامی ایک عام آدمی کی آواز بن کر اٹھی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ماڈل کالونی میں سیرت النبیﷺ کے سلسلے میں ایک اجتماع میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ یو سی کی خواتین کونسلرز کی جانب سے سیرت النبیﷺ پروگرام میں خواتین اور نوجوان بچیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ٹاؤن کونسلر حمیرہ معروف نے نوجوانوں کے مسائل اور سیرت النبی ﷺ کی روشنی میں ان کا حل کے موضوع پر لیکچر دیا جس میں انہوں نے کہا کہ معاشرے کی گندگی صاف کرنی ہے تو صالح لوگوں کی صحبت اختیار کریں اور ان سے جڑ جائیں۔نوجوان بچیوں کی دلچسپی کو مد نظر رکھتے ہوئے ان کے لیے مختلف مقابلوں کا انعقاد بھی کیا گیا تھا۔جن میں سیرت النبی ﷺ پر تقریری مقابلہ حجاب پر پوسٹر سازی کا مقابلہ اور دلچسپ سوال جواب کا مقابلہ رکھا گیا تھا جس میں تمام شرکا نے بھرپور حصہ لیا۔مقابلوں میں جیتنے والے شرکا کو انعامات اور سرٹیفکیٹ بھی دیے گئے۔خواتین کی دلچسپی کے لیے مختلف اسٹالز بھی لگائے گئے تھے جہاں پروگرام کے اختتام کے بعد بھی خواتین اور بچوں کا بھرپور رش دیکھنے میں آیا۔جماعت اسلامی حلقہ خواتین ضلع ائرپورٹ کی ناظمہ ساجدہ تنویر کی دعا سے اس پروقار تقریب کا اختتام ہوا۔