اسلام آباد: معروف مذہبی اسکالر اور عالمی مبلغ ڈاکٹر ذاکر نائیک نے جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن سے ملاقات کی ہے۔ اس موقع پر مہمان وفد کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور دونوں جانب سے ایک دوسرے کو تحائف بھی پیش کیے گئے۔
مولانا فضل الرحمٰن کی رہائش گاہ آمد کے موقع پر ڈاکٹر ذاکر نائیک کے ساتھ ان کے بیٹے طارق نائیک بھی موجود تھے۔ مہمان وفد نے مولانا فضل الرحمٰن کی اقتدا میں مغرب کی نماز بھی ادا کی۔
دورانِ ملاقات مولانا فضل الرحمٰن نے ڈاکٹر ذاکر نائیک کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپ نے تشریف لاکر ہمارے گھر کو رونق بخشی ہے۔ اللہ تعالیٰ آپ کی پاکستان تشریف آوری کو اور آپ کے مشن میں مزید برکتیں نازل کرے۔ انہوں نے کہا کہ جس طریقے سے ڈاکٹر صاحب سوالات کا جواب دیتے ہیں وہ امت مسلمہ کی طرف سے دفاع ہوتا ہے، کئی لوگ ان کی دعوت سے ایمان کے نور سے منور ہوئے ہیں۔
ڈاکٹر ذاکر نائیک کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمٰن سے ملاقات میری خواہش تھی جو آج پوری ہو گئی۔ کل کچھ دوست ملنے آئے لیکن میں نے کہا سب سے پہلے مولانا فضل الرحمٰن سے ملاقات کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ میرے نزدیک سب سے اہم پیشہ ڈاکٹری کا تھا، پھر قرآن کریم کا ترجمہ پڑھا تو معلوم ہوا سب اچھا کام دعوت کا ہے۔ مولانا فضل الرحمٰن کی امت مسلمہ کے اتحاد کی کاوشوں کو سراہتا ہوں۔