میرپورخاص (نمائندہ جسارت) عمرکوٹ کے ڈاکٹر شاہنواز کنبھر کو جعلی پولیس مقابلے میں قتل کرنے کے معاملے پر سندھ ہائیکورٹ میں وکیل علی پلھ، اصغر ناریجو، عزیز لغاری، ممتاز جروار اور دیگر کی جانب سے دائر پیٹیشن کی سماعت کے دوران جسٹس عدنان کریم میمن اور جسٹس امجد بویو پر مشتمل دو رکنی بینچ نے ڈاکٹر شاہنواز کے جعلی پولیس مقابلے میں نامزد پولیس افسران ڈی آئی جی ایس جاوید جسکانی، ایس ایس پی چوہدری اسد علی اور ایس ایس پی آصف رضا بلوچ کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے کے احکامات جاری کر دیے، درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ جعلی پولیس مقابلے میں نامزد پولیس افسران ملک سے فرار ہو سکتے ہیں، وکلا کی جانب سے معزز عدالت کو ڈاکٹر شاہ نواز کی فیملی کو تحفظ فراہم کرنے کی بھی استدعا کی گئی ہے، مذکورہ ایف آئی آر میں نامزد پیر عمر جان سرہندی، جان علی جونیجو ایڈووکیٹ کے توسط سے سندھ ہائیکورٹ میں پیش ہوئے اور عدالت میں ضمانت کی درخواست دائر کی عدالت نے ایک لاکھ روپے کے مچلکے کے عوض پیر عمر جان سرہندی کی 10 روزہ حفاظتی ضمانت منظور کر لی۔ جان علی جونیجو ایڈوکیٹ نے پیر عمر جان سرہندی کا نام سندھڑی تھانے میں درج ایف آئی آر ختم کرنے کی درخواست دائر کی جس پر عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 14 اکتوبر کو مقرر کردی۔