عوام کو موقع نہ دیں کہ یہاں بھی بنگلادیش جیسا حال ہوجائے،سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی

89

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ عوام کو موقع نہ دیں کہ بنگلادیش جیسا حال ہوجائے، عمران خان کی قیادت میں آزادی کی یہ تحریک اور مضبوط ہو رہی ہے، 2 اکتوبر کو میانولی میں احتجاج بہر صورت ہوگا۔ وفاقی دارالحکومت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ لیاقت باغ احتجاج اور کے پی کے سے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کے ساتھ آنے والے کارکنان اور میڈیا نمائندوں کے ساتھ جو سلوک رکھا گیا اس پر بھی بات کرنا ضروری ہے جو کچھ میڈیا کے کارکنوں کے ساتھ ہوا، اس کی ہم مذمت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جائے۔ آئین میں ہمیں آزادی ملی ہے کہ ہم پر امن طریقے سے احتجاج کرسکتے ہیں، ہمیں این او سی دی جاتی ہے لیکن راستے بند اور رکاوٹیں لگا کر عوام کو تنگ کیا جاتا ہے، راولپنڈی میں فسطائیت دکھائی گئی، ایک صوبے کے وزیراعلیٰ کے اوپر گولیاں برسائی گئیں، پرامن لوگوں پر شیلنگ اور تشدد کیا گیا، ہمارے 20 سے زاید کارکنوں کو ڈاکٹرز نے ریسکیو کیا، ہمارے کئی کارکن اسپتال منتقل ہوئے۔ ہمارے 5 کارکنوں کو گرفتار کر کے جوڈیشل ریمانڈ پر بھیج دیا گیا، 100 سے زاید کارکنوں کو راولپنڈی سے اٹھایا گیا، 80 سال سے زاید عمر کی خاتون کو بھی اٹھا لیا گیا۔ ڈاکٹرز کے رپورٹ کے مطابق 4 افراد شدید زخمی ہیں، ایک کی حالت انتہائی نازک ہے۔ 500 سے 600 افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 2 اکتوبر کو میانولی میں احتجاج بہر صورت ہوگا، رکاوٹیں پیدا نہ کریں، آپ حفاظت کیلیے ہیں، اگر کسی بھی شہری یا کارکن کو کوئی نقصان ہوا تو ذمے دار یہ جعلی وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب ہوں گے۔