اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان میں تعینات روسی سفیر البرٹ پی خوریف نے کہا ہے کہ روسی مصنوعات کی نقل و حمل پر غیر قانونی مغربی پابندیوں کے خاتمے سے پاکستان کی توانائی اور غذائی تحفظ میں نمایاں مدد ملے گی۔ان خیالات کا اظہارروسی سفیر البرٹ پی خوریف نے اسلام آباد میں رشین فیڈریشن کے سفارتخانے میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں کیا۔ان کا کہنا تھا کہ روس ایک قابل اعتماد تجارتی اور سرمایہ کاری پارٹنر ہے جو پاکستان کے ساتھ مساوی، باہمی طور پر فائدہ مند تعاون کے مواقع فراہم کرتا ہے، یہی وجہ ہے کہ یوکرین اور روس کے درمیان جاری تنازع کے جلد از جلد خاتمے سے دونوں ممالک سمیت گلوبل ساتھ کے ممالک بشمول پاکستان کو فائدہ ہوگا۔روس نائٹروجن، فاسفیٹ اور پوٹاشیم کھاد کا سب سے بڑا برآمد کنندہ ہے اور اس کے پاس تیل اور گیس کے وسیع ذخائر ہیں، مغرب کی طرف سے جغرافیائی سیاسی تنا میں اضافے کی بڑی وجہ عالمی نظام کی بدلتی ہوئی نوعیت اور کسی بھی قیمت پر دنیا پر اپنا تسلط برقرار رکھنے کی امریکی خواہش ہے۔روسی سفیر کے مطابق مالی امداد کی آڑ میں، امریکا مختلف ریاستوں کے اندرونی معاملات میں براہ راست مداخلت کرنے، وصول کنندہ ممالک کی معلومات کے بہا پر کنٹرول حاصل کرنے اور اپنی کارپوریشنوں کے لیے مسابقتی فوائد حاصل کرنے کے قابل ہے۔ مغرب جان بوجھ کر ساختی عدم توازن پیدا کرتا ہے تاکہ اپنی امداد وصول کرنے والوں کی ماتحت پوزیشن کو برقرار رکھا جا سکے۔