کیا آپ بھی نیند نہ آنے سے پریشان ہیں؟ یہ آسان طریقہ اختیار کریں

143

نیند کی کمی اور بے خوابی آج کل کے دور کا ایک عام مسئلہ بن چکا ہے، جس سے لاکھوں لوگ متاثر ہو رہے ہیں۔ رات کو وقت پر نیند نہ آنا یا نیند میں خلل پیدا ہونا روزمرہ زندگی پر گہرے اثرات ڈالتا ہے، جس سے ذہنی دباؤ، جسمانی تھکن اور کارکردگی میں کمی جیسے مسائل جنم لیتے ہیں۔

ایسے میں ماہرین نے ایک سادہ مگر مؤثر تکنیک پیش کی ہے: 15 منٹ تک آنکھیں بند کرکے ایک جگہ لیٹ جائیں اور خود بخود نیند آجانے دیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس تکنیک کا بنیادی مقصد دماغ اور جسم کو سکون دینا ہے تاکہ وہ قدرتی طور پر نیند کی حالت میں داخل ہو سکیں۔

بہت سے افراد جب نیند نہیں آتی تو وہ دباؤ کا شکار ہو جاتے ہیں، جس کی وجہ سے نیند مزید تاخیر کا شکار ہو جاتی ہے۔ تاہم اس نئی تکنیک کے مطابق صرف آنکھیں بند کرکے پرسکون لیٹے رہنے سے جسم نیند کی حالت میں داخل ہونے کے لیے تیار ہو جاتا ہے۔

ماہرین نیند کے مسائل کو دماغ کے زائد تحریک کا نتیجہ قرار دیتے ہیں۔ اگر دماغ مسلسل خیالات، پریشانیوں اور روزمرہ کے مسائل میں الجھا رہے تو نیند آنا مشکل ہو جاتا ہے۔

اس مسئلے کا حل یہ ہے کہ رات کو بستر پر لیٹتے ہی اپنی تمام تر پریشانیوں اور خیالات کو ترک کریں اور محض اپنے جسم کو سکون دیں۔ 15 منٹ تک اس عمل پر توجہ دینے سے جسم میں نیند کے ہارمونز جیسے میلاٹونن کی پیداوار بڑھنے لگتی ہے۔

ماہرین کے مطابق اس تکنیک کو مزید مؤثر بنانے کے لیے سانسوں پر توجہ دینا ضروری ہے۔ آہستہ اور گہری سانسیں لینا جسم اور دماغ دونوں کو پرسکون کرتا ہے۔

اس سے دل کی دھڑکن بھی مستحکم ہوتی ہے اور دماغ تیزی سے آرام کی حالت میں چلا جاتا ہے۔ سانسوں کی رفتار پر توجہ دینا ایک طرح کا ذہنی سکون فراہم کرتا ہے، جس سے نیند کی آمد مزید تیز ہو جاتی ہے۔