کیا عالمی منڈی میں اناج کی قیمت بڑھنے والی ہے؟

121

ماسکو:دنیا بھر میں شدید موسمی حالات نے اناج، سبزی اور پھل کی پیداوار کو شدید متاثر کیا ہے۔ بہت سے خطوں میں اناج کی فصلیں بری طرح متاثر ہوئی ہیں جس کے نتیجے میں عالمی منڈی میں اناج کی قیمت بڑھ رہی ہے۔

روس اناج برآمد کرنے والا سب سے بڑا ملک ہے۔ رواں سال روس میں شدید موسمی حالات نے خشک سالی کی کیفیت پیدا کی ہے اور اِس کے نتیجے میں گندم اور دیگر غذائی اجناس (اناج) کی پیداوار بُری طرح متاثر ہوئی ہے۔ اس کے نتیجے میں اب دنیا بھر میں گندم اور دیگر اناج کی قیمت بڑھ رہی ہے۔ شکاگو میں اناج کی عالمی منڈی میں گندم کی قیمت بڑھی ہے۔

روس کے بہت سے علاقوں میں گندم بہت بڑے پیمانے پر اگائی جاتی ہے۔ جدید ترین ٹیکنالوجیز سے مدد لینے کی بدولت روس اپنی ضرورت سے کئی گنا گندم اور دیگر اجناس اگاتا ہے اور برآمد بھی کرتا ہے۔ تیل کے ساتھ ساتھ اناج کی برآمد بھی روسی معیشت کو مستحکم رکھنے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔

روس کے بہت سے علاقوں میں رواں سال شدید تر موسمی حالات نے ایسی خشک سالی پیدا کی ہے کہ گندم کی بُوائی میں بھی مشکلات پیدا ہوئیں۔ اب موسمِ سرما کی آمد آمد ہے۔ سرمائی فصلوں کی بُوائی میں بھی مشکلات کا سامنا ہے۔ اس کے نتیجے میں اگلے برس بھی اناج کی پیداوار متاثر ہوگی۔ روسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ خوردنی اجناس کی پیداوار گھٹنے سے معاملات خراب ہو رہے ہیں۔ ایسے میں روس گندم برآمد کرنے کے قابل نہیں رہے گا اور عالمی منڈی میں گندم اور دالوں کی قیمت بہت زیادہ بڑھ سکتی ہے۔

واضح رہے کہ پونے تین سال قبل یوکرین پر روسی لشکر کشی کے بعد سے عالمی منڈی میں گندم کی قیمت بلند رہی ہے کیونکہ یوکرین بھی گندم برآمد کرنے کے قابل نہیں رہا۔ یوکرین بھی بہت بڑے پیمانے پر گندم پیدا کرتا ہے۔ اُس کا شمار بھی گندم برآمد کرنے والے بڑے ملکوں میں ہوتا ہے۔