ـ94 ویں سعودی یوم الوطنی پرسعودی عرب میں پاکستانی کمیونٹی کی تقریبات

221

23 ستمبرسعودی عرب کا قومی دن ہے۔ اس دن 1932 میں شاہ عبدالعزیزآل سعود کی زیرقیادت سعودی مملیکت کا قیام عمل میں آیا تھا۔ قومی دن کے حوالے سے ہر سال پورے سعودی عرب میں پاکستانی اپنے سعودی بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے تقریبات، نمائش اور دیگر ثقافتی تقریبات کا انعقاد کرتے ہیں۔ قارئین کے لیے ان تقریبات کا مختصر احوال پیش خدمت ہے:۔
1۔ پاکستان قونصلیٹ جنرل جدہ نے پاکستان انوسٹرزفورم کے تعاون سے تقریب اور نمائش اہتمام
جدہ 25 ستمبر 2024 کو سعودی عرب اور پاکستان کے قومی ایام منانے کے لیے قونصلیٹ جنرل آف پاکستان نے جدہ میں پاکستان انویسٹرز فورم کے تعاون سے جدہ کے ایک عظیم الشان بینکوئٹ ہال میں مشترکہ جشن کا اہتمام کیا۔ اس تقریب کا انعقاد پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے اور دونوں ممالک کی مشترکہ ثقافتی اور سماجی اقدار کو ظاہر کرنے کے لیے کیا گیا تھا۔ اس موقع پر اعلیٰ سطح کے سفارت کار، معروف پاکستانی اور سعودی کاروباری شخصیات، پاکستانی اور سعودی کمیونٹی کے اراکین، سعودی اورپاکستانی میڈیا کے نمائندے موجود تھے۔ تقریب کا آغاز پاکستان اور سعودی عرب کے قومی ترانوں سے ہوا۔ پاکستانی اور سعودی فنکاروں کی آرٹ کی نمائش نے دونوں لوگوں کے مشترکہ فن اور ثقافتی ورثے کے بارے میں ایک منفرد بصیرت فراہم کی۔ معروف پاکستانی آرٹسٹ ماہرہ علی نے دیگر پاکستانی آرٹسٹوں ڈاکٹرفائزہ منصور، جی این قاضی، حنا کاشف، بندہ علی، ناہید ضیاء سارہ رشید خان اور وفا یوسف کی پینٹنگ کی نمائش میں پیش کی اوراپنی ایک پینٹنگ مہمانِ خصوصی ڈائریکٹر جنرل وزارت خارجہ مکہ معظمہ شاخ کے حماد الحمالی کو پیش کی۔ اس کے علاوہ مدینہ المنورہ سے معروف پاکستانی اسکالر ڈاکٹرخالد عباس الاسدی نے پاک سعودیہ دوستی پرمنظوم تبریک و تہنیت پیش کیا۔ قونصل جنرل پاکستان خالد مجید نے اپنے خطاب میں دونوں برادر ممالک کے درمیان سفارت کاری میں فن اور ثقافت کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کا بین الاقوامی تعلقات میں کوئی مماثلت نہیں ہے۔ مضبوط اور گہرے مذہبی، ثقافتی اور سماجی و اقتصادی تعلقات ہمارے برادرانہ تعلقات کی بنیاد فراہم کرتے ہیں۔
قونصل جنرل نے خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے خطے اور اس سے باہر امن و استحکام کو فروغ دینے میں اہم کردار کی بھی تعریف کی۔
چیئرمین پاکستان انویسٹرز فورم، جناب شفقت چوہدری نے اپنے تاثرات میں سعودی عرب کی اقتصادی ترقی میں پاکستانی تاجر برادری کے کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے سعودیہ کی سماجی اقتصادی ترقی کے لیے مملکت کی شاہی قیادت کی طرف سے فراہم کردہ حمایت اور پالیسیوں کی تعریف کی۔
اس تقریب میں مشترکہ ثقافتی خصوصیات کو اجاگر کرنے کے لیے پاکستانی اور سعودی گلوکاروں اور اسکول کے بچوں کی طرف سے مختلف قسم کے دلکش ثقافتی پرفارمنس پیش کیے گئے۔ تقریب کا اختتام کیک کاٹنے کی تقریب سے ہوا۔قونصل جنرل خالد مجید کے ساتھ مل کر کیک کاٹا۔ تقریب میں اورسب مہمانوں کی پر تکلف ڈنر سے تواضع کی گئی۔ یوں یہ پر وقار تقریب رات گئے جاری رہی۔