ٹھٹھہ ( جسارت نیوز)ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی، بجلی، گیس کے اضافی بلوں، وفاق کی طرف سے جماعت اسلامی سے کیے گئے معاہدے کی خلاف ورزی کے خلاف جماعت اسلامی ٹھٹھہ کی جانب سے پریس کلب ٹھٹھہ کے سامنے احتجاجی مظاھرہ کرکے دھرنا دیا گیا۔اس موقع پر جماعت اسلامی کے رہنمائوں عبدالمجید سموں، عبداللہ آدم گندرو، حافظ نصراللہ اور محرم خاصخیلی ودیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت مہنگائی پر قابو پانے میں مکمل طور ناکام ہوچکی ہے جس سے عوام کی تکلیف میں اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی سے حکومت نے جو معاہدہ کیا تھا اس سے مکر گئی ہے۔مقررین نے حکومت کو انتباہ کیا ہے کہ مہنگائی پر قابو نہ پایا گیا تو جماعت پورے ملک میں احتجاج جاری رکھے گی۔