کراچی والے کے الیکٹرک کے مظالم کاسب شکارہیں‘ناصرشاہ

17

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) وزیر توانائی سندھ ناصرحسین شاہ نے عوام کو مفت سولر سسٹم کی تقسیم کے حوالے سے خوشخبری سنادی۔تفصیلات کے مطابق وزیر توانائی سندھ ناصر حسین شاہ نے ایکسپوسینٹر میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی والے کے الیکٹرک کے مظالم کاسب شکارہیں لوڈ شیڈنگ اوراووربلنگ کاحکومت نے نوٹس لیا ہے۔وزیر توانائی سندھ نے بتایا کہ سندھ حکومت سولرمنصوبے پر کام کررہی ہے، ہم 1لاکھ 60 ہزار سولر سسٹم مفت تقسیم کریں گے، انورٹر اور بیٹری بیک اپ بھی دیں گے، اس سلسلے میں ہماری بات چیت چل رہی ہے۔انھوں نے کہا کہ تھرکول نیشنل گرڈمیں سب سے سستی بجلی دے رہا ہے، 300 یونٹ والے صارفین کو منشور میں کیے وعدے کے مطابق ریلیف دیں گے۔صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ سندھ حکومت ہائی برڈسولر پارکس لارہی ہے اور کے ای کے مد مقابل ادارہ بنانے کیلئے قانون کا جائزہ لے رہے ہیں، ہم اپنا ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن سسٹم بنا رہے ہیں، جب مقابلہ ہوگا تو کے ای بھی کافی حد تک سدھرجائے گا۔انھوں نے کہا کہ آئی پی پیز کے ایم او یوز صرف پاکستان نہیں بنگلادیش اور سری لنکا نے بھی کئے۔