لاہو ر(نمائندہ جسارت)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پرآج پورے ملک میں شاہراہوں پر دھرنے دیے جائیں گے اور مظاہرے اور ریلیاں نکالی جائیں گی۔ حکومت کی جانب سے راولپنڈی معاہدے پر عمل درآمد نہ کرنے پر ہونے والے احتجاج میں جماعت اسلامی کے قائدین، کارکنان اور عوام کی بڑی تعداد شریک ہو گی۔ سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف کے بیان کے مطابق امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن اور امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان کراچی میں دھرنے سے خطاب کریں گے۔ اسلام آباد میں ہونے والے دھرنے سے نائب امیر میاں اسلم خطاب کریں گے۔نائب امیر لیاقت بلوچ، سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم، امیر صوبہ وسطی پنجاب جاوید قصوری اور امیر لاہور ضیا الدین انصاری ایڈووکیٹ بیکھے وال موڑ لاہور پر ہونے والے دھرنے سے خطاب کریں گے۔ امیر صوبہ شمالی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم گجرات میں ہونے والے دھرنے سے خطاب کریں گے، ملتان گھنٹہ گھر چوک میں ہونے والے دھرنے سے امیر صوبہ جنوبی پنجاب رائو ظفرو دیگر مقامی قیادت خطاب کرے گی، امیر صوبہ سندھ محمد حسین محنتی عمر کوٹ جبکہ قیم صوبہ کاشف سعید شیخ لاڑکانہ میں ہونے والے دھرنے اور مظاہرے سے خطاب کریں گے۔ بلوچستان کے درالحکومت کوئٹہ میں امیر جماعت اسلامی عبدالحق ہاشمی جبکہ گوادر میں ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمن بلوچ خطاب کریں گے۔ امیر صوبہ خیبر پختونخوا پروفیسر محمد ابراہیم بنوں میں جبکہ قیم صوبہ مردان میں بڑے دھرنوں سے خطاب کریں گے۔ پشاور ہشت نگری پر دھرنا دیا جائے گا جس سے جماعت اسلامی کی قیادت خطاب کرے گی۔ فیصل آباد، گوجرانوالہ، ساہیوال، شیخوپورہ، بہاولپور، ڈی جی خان، تونسہ سمیت پنجاب کے دیگر شہروں کی شاہراہوں پربھی دھرنے ہوں گے۔
کراچی(اسٹاف رپورٹر) حکومت کی جانب سے معاہدے کی خلاف ورزی اورمہنگی بجلی وظالمانہ ٹیکسزکے خلاف امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پرآج کراچی تا کشمور سندھ بھر کے ضلعی ہیڈکوارٹرزمیں احتجاجی مظاہرے اور اہم شاہراہوںپردھرنے دیے جائیں گے۔جن سے مرکزی صوبائی ومقامی رہنما خطاب کریں گے۔صوبائی ترجمان مجاہدچنا کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق اس سلسلے میں آج کراچی میں اسٹار گیٹ شارع فیصل ،کالا پل ،کورنگی کراسنگ ، میں نیشنل ہائی وے ، مین سپر ہائی وے ، پاور ہائوس چورنگی ، اورنگی پانچ نمبر چورنگی ،بنارس چوک، واٹرپمپ چورنگی ،مین حب ریور روڈ ، فریسکو چوک برنس روڈ ،ڈالمن مال حیدری، جوہر موڑ جبکہ حیدرآباد میں حیدرچوک، سکھر گھنٹہ گھر،جیکب آباد ڈی سی چوک،کندھ کوٹ گھنٹہ گھر،لاڑکانہ جناح باغ چوک، شکارپورلکھی گیٹ،ٹنڈوآدم پریس کلب، ٹھٹھہ نیشنل ہائی وے، قمبر بھٹوچوک،ٹنڈومحمد خان پھلیلی چوک،بدین پریس کلب، ہالا نیشنل ہائی وے دھرنے دیے جائیں گے۔