لاہور(آن لائن)سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ آئین کے تحفظ کی بات کی جاتی ہے لیکن اسے ہر روز توڑا جاتا ہے۔ لاہور میں تقریب سے خطاب میں شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ملک میں قوانین موجود ہیں، لیکن عمل درآمد نہیں ہو رہا، تمام مسائل کا حل آئین کی سر بلندی میں ہے۔انہوں نے کہا کہ آئین میں خواتین کو بنیادی مساوی حقوق حاصل ہیں، حکومت نوجوانوں اور خواتین کو روزگار کے مواقع فراہم کرے۔سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ بنگلادیش کی معاشی خوشحالی میں خواتین کا کردار ہے، ملکی ترقی کے لیے خواتین کیلیے مواقع پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔اُن کا کہنا تھا کہ آپ کسی کو بات کرنے کا حق نہیں دیں گے تو مسائل کیسے حل ہوں گے، سب کہتے ہیں آئین کا تحفظ کرنا ہے لیکن آئین ہر روز توڑا جاتا ہے۔