لاہور (نمائندہ جسارت) صوبائی وزرا عظمی بخاری اورخواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ فتنہ گروپ نے راولپنڈی میں فساد کا پروگرام بنایا ،پنجاب پر کسی کو چڑھائی نہیں کرنے دیں گے، وزیر اعلیٰ مریم نواز صوبے کی فلاح کے لئے دن رات کام کر رہی ہیں، کچھ شرپسند عناصر پاکستان کو ترقی کرتا نہیں دیکھنا چا ہتے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔صوبائی وزیراطلاعات و ثقافت عظمی بخاری نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور مسلح جتھوں کے ساتھ راولپنڈی آرہے ہیں، پنجاب پر چڑھائی کرنے کی اجازت
نہیں دیں گے ، احتجاج کے لیے خیبرپختونخوا کے تمام سرکاری وسائل استعمال کیے جارہے ہیں،علی امین گنڈاپور پولیس فورس کے ساتھ اپنی ذاتی فورس کو لارہے ہیں، تمام فورس کے ساتھ بھاری اسلحہ بھی ہے، پنجاب پولیس کو فساد پھیلانے والوں کاعلاج کرنا آتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کا کہنا ہے کہ پنجاب کے اندر قانون موجود ہے، جمہوریت کا شیلٹر اب آپ کو نہیں لینے دیں گے، لاشوں کے اوپر سیاست کرنا بانی پی ٹی آ ئی کا پرانا وطیرہ ہے،والدین سے گزارش ہے کہ وہ اپنے بچوں کو شر پسندی جیسی سرگرمیوں سے بچائیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں خیبرپختونخوا کے بچوں کی بھی اتنی ہی فکر ہے جتنی پنجاب کے بچوں کی ، خیبرپختونخوا کی مائوں سے پوچھنا چاہتی ہوں کہ آپ کے بچوں کے ہاتھوں میں لیپ ٹاپ کیوں نہیں ہونا چاہیے؟ راولپنڈی میں لوگ اپنے معمول کے مطابق کام کررہے ہیں، فساد صرف اور صرف کے پی کے سے آرہاہے، پنجاب کی عوام نے پی ٹی آ ئی کے جلسے اور دھرنے کی سیاست کو مسترد کردیا ہے۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اپنے صوبے کے عوام کے حال پر رحم کریں، تنقید کریں مگر سیاست کو سیاست رہنے دیں، بدتمیزی کا کلچر بند کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ملکی معیشت کو سنبھالا، معیشت اب بہتری کی جانب گامزن ہے،مہنگائی کی شرح میں کمی حکومتی اقدامات کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن ایک عوامی جماعت ہے ،جب بھی اقتدار میں آ تی ہے، ملک کو ٹھیک کرکے پٹری پر چڑھا جاتی ہے جبکہ پی ٹی آئی اس فتنے کا نام ہے جو ملک میں تباہی چاہتی ہے،جنہوں نے ترقی کرتے پاکستان کو اپنی انا کی بھینٹ چڑھایا۔خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ پی ٹی آئی نے 15سال خیبرپختونخوا میں حکومت کی ،اس نے صوبے کو دیوالیہ بنادیا، کوئی ترقیاتی کام نہیں کیا،عوام کا پیسہ جلسے جلوسوں پر بے دریغ خرچ کیا جا رہا ہے، ہم نے جلسہ کرنا ہو تو ہمیں پریشانی ہوجاتی ہے، 2022 میں 8 ارب روپے سوشل میڈیا کا بجٹ کس پارٹی کا تھا؟ 24گھنٹے لوگوں کے ذہنوں میں زہر گھولا گیا، نوجوانوں کی ذہن سازی کی گئی، جلائو گھیرائو کی سیاست کو فروغ دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم دو صوبوں کے درمیان لڑائی نہیں چاہتے، وقت آنے والا ہے، اب احتساب ہوکر رہے گا۔