تحریک انصاف کے جلسوں کو حکومت خود کامیاب بناتی ہے، شاہد خاقان عباسی

277
rallies are made successful

لاہور: سابق وزیراعظم اور عوام پاکستان پارٹی کے سربراہ شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جلسوں کو حکومت خود کامیاب بناتی ہے۔

 شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ماضی میں ہم نے غلط قانون بنایا اور آج جو قانون بنا رہے ہیں وہ اسی قانون کے تحت جیل میں ہوں گے، جس ملک میں سیاسی آزادی نہیں ہو گی وہاں جبر ہو گا، ترمیم میں جو باتیں لکھی ہیں وہ بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہو گی۔ یہ بات انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

ان کا کہنا تھا کہ کبھی کسی نے کہا ہے اس سے پہلے کسی جج، کسی صدر نے کہ ملک میں آئینی عدالت ہو گی، آج سپریم کورٹ کو ختم کرنا چاہتے ہیں تاکہ ایک جج سپریم کورٹ کا چیف جسٹس نا بن پائے، وزیر قانون نے جو ایک ترمیم کا ڈرافٹ وکلاء کو دیا اس میں عوامی مسائل کا کوئی ایک لفظ بھی نہیں تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے جلسوں کو حکومت خود کامیاب بناتی ہے، جلسہ اب سینما کے شو کی طرح ہو گیا ہے جو ایک مخصوص وقت کے لیے ہو گا۔

سربراہ عوام پاکستان پارٹی نے کہا کہ ملک کے موجودہ حالات کی وجہ سیاسی جماعتوں میں سوچ بچار کا نہ ہونا ہے، ہر جماعت کی کوشش ہوتی ہے وہ حکومت میں آجائیں تو سب ٹھیک کر لیں گے لیکن ان میں حالات سدھارنے کی صلاحیت ہوتی ہے اور نہ گنجائش۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ آئین میں تین مقامات پر خواتین کو مساوات کا یقین دلایاگیا۔ اس حوالے سے بہت سے قوانین بھی بنے لیکن مسئلہ عملدرآمد کا ہے جو نہیں ہوتا۔