تہران: اسرائیلی فوج کے حملے میں جہادی تنظیم حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللّٰہ کی شہادت کے بعد ایران میں5 روزہ سوگ کا اعلان کردیا گیا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق ایران کے سپریم لیڈر خامنہ ای نے جہادی تنظیم حزب اللہ سے اظہار یکجہتی کے لیے ملک بھر میں5 روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ حسن نصراللّٰہ کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ اللہ کی مدد سے ایک بار پھرلبنان دشمن کوپسپا اور پشیمان کردے گا۔
خامنہ ای نے کہا کہ حزب اللہ کے منظم ڈھانچے کو نقصان پہنچانا صہیونی طاقتوں کے بس کی بات نہیں۔ خطے کی مزاحمتی فورسز حزب اللّٰہ کے ساتھ اور اس کی پشت پر ہیں۔
انہوں نے اپنی یادداشت میں ایک تاریخی بات دہرائی کہ غاصب حکومت کے فوجی بیروت تک دندناتے پھرتے تھے۔ حزب اللہ نے ہی غاصب حکومت کے فوجیوں کے پیر اکھاڑ دیے تھے اوردنیا نے دیکھا کہ حزب اللہ نے لبنان کی عزت اور سا لمیت کو سربلند بنایا۔