بارات اور ڈھول لیکر لاہور جانیکی بات محاورے کے طور پر کی تھی: وزیراعلی کے پی

156

پشاور : وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پورکا نے کہا ہے کہ بارات اور ڈھول لے کر لاہور جانے کی بات محاورے کے طور پرکی تھی لیکن میری بات کا غلط مطلب نکالا گیا۔

پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا کہ میری بات کو سوشل میڈیا پر جو رنگ دیا جا رہا ہے وہ اسلام اور شریعت میں درست نہیں، صارفین سے کہوں گا کہ اس طرح کی غیر اخلاقی پوسٹوں سے اجتناب کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں فوج اور پولیس روز جانی قربانیاں دے رہے ہیں، ہمیں اپنی فوج پر فخر ہے، کسی فرد کے ساتھ اختلاف اور کسی پالیسی پر اعتراض ہوسکتا ہے لیکن اس کا مقصد اداروں کو کمزور کرنا نہیں، آزاد پختونستان کے حق میں نہیں ہوں، پاکستان ہمارا سب کچھ ہے اسی کو ہم نے ٹھیک کرنا ہے، ملک کی سلامتی کے خلاف کسی بھی ایسے بیانیے کی حمایت نہیں کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ ریاست کے چوتھے ستون کی حیثیت سے میڈیا پر بھاری ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں، میں نے اپنی تقریر میں چند مخصوص صحافیوں کا ذکر کیا تھا،کمیونٹی کے بارے میں بات نہیں کی، میرا مقصد صحافی برادری کی دل شکنی نہیں تھی، اس کی وضاحت کرچکا ہوں ، میڈیا کی تنقید کو ہمیشہ مثبت انداز میں لیں گے اور اس کی روشنی میں اپنی اصلاح کریں گے۔