نوشہروفیروز (نمائندہ جسارت) شہید بے نظیر بھٹو یونیورسٹی شہید بے نظیر آباد کی جانب سے شجرکاری مہم کے سلسلے میں دھرتی کے ساتھ محبت کا اظہار کے عنوان سے سرگرمی جاری ہے۔ شہر اور سندھ کی سرکاری اور غیر سرکاری سماجی تنظیمیں بھی اس کار خیر میں اپنا حصہ ڈال رہی ہیں۔ اس سلسلے میں سید فاؤنڈیشن اور پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے تعاون سے اساتذہ اور طلبا نے یونیورسٹی کے مین کیمپس میں سیکڑوں درخت لگائے گئے۔ پروگرام کے آرگنائیزر ڈاکٹر آصف علی وگن کے مطابق یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر مدد علی شاہ، کمشنر شہید بینظیر آباد سید سجاد حیدر تقوی، وائس چانسلر پیپلز میڈیکل یونیورسٹی نواب شاہ پروفیسر ڈاکٹر گلشن علی میمن، سید فاؤنڈیشن کے صدر سید وسیم ہاشمی اور پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کی تہمینہ آصف نے پودے لگائے۔ شجرکاری کے دوران انہوں نے کہا کہ زمین سے پیار کرنا اور زمین کا خیال رکھنا ہمارے فرائص میں شامل ہیں۔ زمین جس پر ہم رہتے ہیں اور ہر وہ چیز جس سے انسان کا بھلا ہو اس کے بارے میں ہمیں سوچنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دنیا کے بہت سارے ممالک میں ماحولیات کے تحفظ اور زمین کو مستحکم کرنے کے لئے تحریکیں شروع کی گئی ہیں۔ ساتھ ساتھ ماحول کے تحفظ کے لئے نئے قوانین بنائے جارہے ہیں۔ آئیں اپنے آپ سے وعدہ کریں کہ ہمیں دھرتی ماں کی ہر ممکن نگہداشت کریں گے۔