کراچی کے بچو ں کو لسانی بنیادوں پر تعلیم سے دور کیا جارہا ہے‘آفاق احمد

63

کراچی(اسٹاف رپورٹر) مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کے چیئرمین آفاق احمد نے کہا ہے کہ کراچی کے بچو ں کو لسانی بنیادوں پر تعلیم سے دور کیا جارہا ہے۔ منظم سازش کے تحت ایک روز قبل ہی پیپر آئوٹ کردیا گیا تاکہ میرٹ کا قتل کیا جاسکے اور کراچی کے باصلاحیت بچوں کوتعلیم کے میدان سے باہر کیا جاسکے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائشگاہ پر نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ آفاق احمد نے کہا کہ میڈیکل کی ٹوٹل گیارہ سو سیٹوں میں سے کراچی کے بچوں کیلیے 400سیٹیں اور ان پر بھی پورے ملک سے آئے بچوں کو جعلی ڈومیسائل کے ذریعے مسلط کرنے کی سازش کی جارہی ہے۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ دونوں ہونے والے ایم ڈی کیٹ کے ٹیسٹ میں لسانی بنیادوں پر کی جانے والی ناانصافیوں کے ری ایکشن میں کہی۔ آفاق احمد نے کہا کہ ہم نے پہلے ہی MDCAT ٹیسٹ کے حوالے سے اپنے تحفظات کا اظہار کیا تھا اسکے باوجود ہماری شکایت پر ایکشن لینے کے بجائے بے ضابطگیوں کے تمام ریکارڈ توڑ دیے گئے،منظم سازش کے تحت ایک روز قبل ہی پیپر آئوٹ کردیا گیا تاکہ میرٹ کا قتل کیا جاسکے اور کراچی کے باصلاحیت بچوں کوتعلیم کے میدان سے باہر کیا جاسکے، انہوں نے کہا کہ ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ پچھلے سال بھی انہیں شکایت کے سبب دوبارہ کرائے گئے تھے ان غلطیوں کا ازالہ اور مجرموں کو سزا دینے کے بجائے بچوں سے 8ہزار رروپے فی بچے کے حساب سے فیس وصول کی گئی۔انہوں نے کہا کہ ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ایم ڈی کیٹ کے ٹیسٹ دوباہ صاف شفاف انداز میں کرائے جائے اور میرٹ کی بنیاد پر کراچی کے بچوں کو مکمل سہولیات کے ساتھ ٹیسٹ میں شرکت کی آزادی ہونی چاہیے۔ آفاق احمد نے کہا کہ آج کی متحدہ قومی موومنٹ ایجنسیوں کا ٹولہ ہے۔