ملک میں آئین و قانون کے ساتھ کھلواڑ کیا جارہا ہے، سینٹرشبلی فراز

202
The constitution and law are being played

اسلام آباد: پاکستانتحریک انصاف کے رہنما اور سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ ملک میں آئین اور قانون کے ساتھ کھلواڑ کیا جارہا ہے۔

شبلی فراز کا کہنا تھا کہ توشہ خانہ کا کیس بانی پی ٹی آئی پر 4 مرتبہ بنایا گیا، تاریخ میں ایسی مثال کہیں نہیں ملتی، القادر ٹرسٹ اور توشہ خانہ ٹو کیس میں بانی پی ٹی آئی کی گرفتاری نہیں بنتی، ان دونوں کیسز میں سزا دینے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے۔یہ بات انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

ان کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی پر صرف ایک کیس ہے، جان بوجھ کر تاخیری حربے استعمال کرکے بشریٰ بی بی کو جیل میں رکھا گیا ہے، بشریٰ بی بی ایک غیر سیاسی خاتون ہیں، بشریٰ بی بی کو جیل میں رکھ کر بانی پی ٹی آئی کو قرب پہنچانے اور کمزور کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

شبلی فراز کا کہنا تھا کہ اگر سزا دینی ہے تو دیں، ان کو خود بھی معلوم ہے اگر سزا سنائی تو دوسری عدالت سے سزا فوری ختم ہو جائے گی، بانی پی ٹی آئی ذہنی اور جسمانی طور پر مضبوط ہیں، بانی پی ٹی آئی کو کوئی نہیں توڑ سکا، ملک میں اس وقت جان اور مال کا تحفظ نہیں ہے۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ اگر ملک میں ایک نامور شخص کو انصاف نہیں مل رہا تو عام شخص کو کیا امید ہو گی، سیاسی ،قانونی اور آئینی طور پر ملک کے ساتھ کھلواڑ کیا جارہا ہے، ان آئینی ترامیم کو میں شیطانی ترامیم کہتا ہوں، لوگوں کو اٹھایا جارہا ہے، کوشش کی جارہی ہے لوگ غیر آئینی ترامیم کیلئے ووٹ دیں، ایک خاص حکمران ٹولے کے مفادات کیلئے سارا کھیل رچایا جارہا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت ملک میں تذبذب کا ماحول بنا ہوا ہے، تمام سختیوں کے باوجود ہم سیاسی جدوجہد جاری رکھیں گے، کل ہمارا احتجاج ہورہا ہے، کوشش کررہے ہیں چیزوں کو آئین وقانون کے دائرے میں رکھتے ہوئے کریں۔