لاہور: ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر شہری کو موٹرسائیکل کی قیمت کے برابر چالان

178

لاہور میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر کارروائی مزید سخت کر دی گئی ہے اور ای چالاننگ کا سلسلہ بھی زور و شور سے جاری ہے۔

ٹریفک رولز کی خلاف ورزی کرنے والوں کو گھروں میں ای چالان بھیجے جا رہے ہیں، جس کے نتیجے میں ایک شہری بڑی مشکل میں پھنس گیا۔

رپورٹ کے مطابق ایک شہری نے بار بار ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کی، جس کی وجہ سے اسے مجموعی طور پر 29 ہزار 200 روپے کا جرمانہ ادا کرنا پڑا، جو موٹرسائیکل کی قیمت کے برابر ہے۔

موٹرسائیکل سوار کو سب سے زیادہ جرمانہ بغیر ہیلمٹ گاڑی چلانے پر کیا گیا، جس میں دو ہزار روپے کے 14 ای چالان شامل تھے۔

 ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ قوانین کی پاسداری نہ کرنے والوں کے خلاف مزید سخت اقدامات کیے جائیں گے تاکہ ٹریفک کی روانی اور شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔