ملک کا سب سے بڑا ایشو مہنگائی،بجلی اور بند انڈسٹری ہے

82

فیصل آباد(آئی این پی )اس وقت ملک کا سب سے اہم ایشو مہنگی بجلی اور بند ہوتی ہوئی انڈسٹری ہے۔ انڈسٹری کا پہیہ چلے گا تو ملک ترقی کرے گا اور کسی عالمی مالیاتی ادارہ سے قرض لینے کی بھی ضرورت نہیں پڑے گی۔ ملکی معیشت مضبوط ہوگی۔فیکٹریاں ،کارخانے،ملیں چلیں گی تو ٹیکس اکٹھا ہوگا۔ ملکی زرمبادلہ میں اضافہ ہوگا اور محنت کشوں کو روزگار ملے گا۔ان خیالات کا اظہار سینئر سیاستدان رانا زاہد توصیف نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے گزشتہ چند برسوں سے انڈسٹری مالکان کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ حکمرانوں اور اپوزیشن کی آپس کی رسہ کشی سے انڈسٹری کو تالے لگ چکے ہیں۔ جس سے پاکستان کی نہ صرف ایکسپورٹ میں نمایاں کمی آتی ہے۔ بلکہ معیشت کو شدید دھچکا لگا ہے۔اس وقت صورتحال یہ ہے کہ مہنگی بجلی اور دیگر عوامل کے باعث انڈسٹری کو تالے لگنے سے لاکھوں محنت کش،بے روزگاری کی بھینٹ چڑھ چکے ہیں۔ نامساعد ملکی حالات، ابتر معاشی صورتحال کے باعث لوگ پاکستان کو خیر باد کہہ رہے ہیں۔لہذا حکومت کو کسی تاخیر کے بغیر بند ہوتی انڈسٹری کو سہارا دینے کے لیے فوری اقدامات کرنا ہوں گے۔صنعتی تنظیموں کے نمائندگان سے مذاکرات کر کے ان کے مسائل حل کرنا ہوں گے۔حکومت عوام کو ریلیف دینے کے بلند و بانگ دعووں کی بجائے انڈسٹری کی بحالی پر توجہ دے۔ حکومت اور اپوزیشن دونوں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے ہوتی ہے کہ خدارا اہم قومی مسائل کے حل کے لیے متفقہ لائحہ عمل جاری کیا جائے۔