ماضی کے منافع بخش ادارے تباہی کے دہانے پر ہیں، جاوید قصوری

22

لاہور(وقائع نگارخصوصی)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے ارکان سینیٹ کی تنخواہوں اور مراعات میں اضافے کی سفارشات کی منظوری پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے بے حسی کے تمام ریکارڈ توڑ ڈالے ہیں۔عوام مہنگائی کی چکی میں پس کر رہ گئے ہیں، لوگ بجلی کے بلوں سے پریشان ہو کر خودکشیاں کر رہے ہیں جبکہ حکمرانوں کو اپنی تنخواہوں اور مراعات میں اضافہ کی پڑی ہے۔ قوم کو کفایت شعاری کا درس دینے والے اپنے مفادات کو قربان کرنے کے لیے تیار نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور اور سیالکوٹ میں مختلف پروگرامات سے خطا ب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگا کر قوم کو گمراہ کرنے والے فارم 47کے ذریعے اقتدار میں آئے اور اب اپنی مایوس کن کارکردگی کی بدولت بے نقاب ہو چکے ہیں۔عوام کو سوچنا چاہیے کہ کب تک امریکا کے غلام ابن غلام حکمرانوں کو موقع دیں گے اور ان کے ہاتھوں لوٹتے رہیں گے۔ اب وقت آگیا ہے کہ ملک و قوم کے روشن مستقبل کے لیے ان ظالموں سے نجات حاصل کی جائے۔جماعت اسلامی ملک و قوم کو پڑھی لکھی اور محب وطن قیادت دے سکتی ہے۔ عوام کو لوٹنے والوں اور کام کرنے والوں کے درمیان فرق کرنا ہوگا۔پاکستان کو گزشتہ 76برسوں سے جس بے رحمی سے لوٹا گیا ہے اس کی مثال دنیا میں کہیں نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے معاہدے کی خلاف ورزی کے خلاف امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے’’حق دو عوام کو تحریک‘‘ کے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کر دیاہے، کارکن تیارہو جائیں، ہم ان شاء اللہ اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک حقیقی معنوں میں حکومت عوام کو ریلیف فراہم نہیں کرتی۔ ہمارا کوئی ذاتی ایجنڈا نہیں ہے۔ عوام کی خاطر سڑکوں پر ہیں۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ ماضی کے منافع بخش ادارے تباہی کے دھانے پر پہنچ چکے ہیں، حکمرانوں میں اہلیت، صلاحیت اور قابلیت نام کی کوئی چیز نہیں۔ کرپٹ افراد نے ملک کو نا قابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔