مقبوضہ کشمیر میں دھونس اور جعلی الیکشن کرائے جا رہے ہیں، مشعال ملک

50

اسلام آباد (آن لائن) حریت رہنما یاسن ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں دھونس اور جعلی الیکشن کرائے جا رہے ہیں کشمیریوں نے اس انتخا بی ڈرامے کو مسترد کر دیا ہے ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت عالمی برادری کی آنکھوں میں دھول جھونک رہا ہے ۔ کشمیر میں ہونے والے انتخابی ڈرامے کے دوران جعلی بوتھ لگا کر کچھ سفارتکاروں کو لے جا کر دکھائے گئے ۔ بھارت میں ہونے والے الیکشن میں تو کبھی سفارتکاروں کو نہیں لے جایا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ظلم کروا رہا ہے اور سروے بھی خود کروا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری بھارت اور اسکے حکمرانوں سے نفرت کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت یہ الیکشن کروا کر اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کر رہا ہے ۔ کرفیو کے دوران الیکشن کروا کر بھارت کیا ثابت کرنا چاہتا ہے ۔ صحافیوں کو الیکشن کی اجازت نہیں دی گئی بلکہ وہ تو جیلوں میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں تحریک آزادی میں مزید شدت آگئی ہے ۔ ہم ان الیکشن کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں ۔ اس موقع پر چیئرمین کشمیر کمیٹی رانا قاسم نون نے کہا کشمیر کمیٹی کے اجلاس میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے انتخابی ڈرامے کو مسترد کر دیا ہے ۔ انکا ایک ہی مطالبہ ہے کہ اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق انھیں انکا حق خود ارادیت دیا جائے ۔