راولپنڈی(نمائندہ جسارت) بانی پی ٹی آئی عمران خان نے 28ستمبر کو راولپنڈی میں جلسہ نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا،28 تاریخ کو راولپنڈی میں جلسہ نہیں احتجاج کرینگے،اسٹیبلشمنٹ سے کسی قسم کے مذاکرات کا کوئی فائدہ نہیں، اسٹیبلشمنٹ کے لوگ رائٹ دکھا کے لیفٹ مارتے ہیں،ہم لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ سے درخواست واپس لے رہے ہیں،راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ ہمیں معلوم ہے انہوں نے جلسے کی اجازت نہیں دینی اور اگر یہ اجازت دے بھی دیتے ہیں تو شہر سے باہر کسی جگہ جلسہ کرنے کی اجازت دیں گے۔ جلسے کے بجائے اب ہم راولپنڈی میں ہفتے کو بھرپور احتجاج کرینگے۔ ہمارے وکلاء کل سپریم کورٹ کے باہر بھی احتجاج کرینگے۔بانی پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا تھا کہ جسٹس منصور علی شاہ سے کبھی ملاقات نہیں۔ آئین بھی یہی کہتا ہے سینئر ترین جسٹس کو چیف جسٹس تعینات کرے۔ایک ماہ رہ گیا چیف جسٹس کے نام کا اعلان کیا جائے۔ سب کو کہتا ہوں ان سے مذاکرات کا کوئی فائدہ نہیں۔8 ستمبر کے جلسے کے بعد واضح کرچکا ہوں ہم کسی سے کوئی مذاکرات نہیں کرینگے۔اسٹیبلشمنٹ کے لوگ رائٹ دکھا کے لیفٹ مارتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور سمیت تمام لیڈر شپ کو ہدایات ہیں اسٹیبلشمنٹ سے کسی قسم کے مذاکرات کا کوئی فائدہ نہیں‘ اتنا یہ ہمیں کرش کرتے ہیں یہ ادارے کی نہیں تھرڈ امپائر کی پالیسی ہے اور یہ فلسطینیوں کی طرح ہمیں بھی کرش کرنا چاہتے ہیں۔عمران خان کا کہنا تھا کہ روف حسن کو غلط فہمی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اڈیالہ جیل میں آج میرا ایک سال پورا ہو گیا ان کا خیال تھا کہ عمران خان ٹوٹ جائے گا اور جیل کی چکی میں نہیں رہ سکے گا، میں21 سے22 گھنٹے چکی میں رہتا ہوں، گرمیوں کے دنوں میں اتنا پسینہ آتا تھا کہ جو کپڑے میں پہنتا تھا وہ بھی گل گئے، انہیں پتا ہی نہیں کہ اسپورٹس مین کی ٹریننگ کیا ہوتی ہے اسپورٹس مین ہرطرح کے دباؤ میں رہنے کا عادی ہوتا ہے‘ یہاں ایکسٹینشن مافیا ناجائز توسیع لینا چاہتا ہے گینگ آف تھری مافیا اپنی توسیع کے لیے ملک کے مستقبل اور اداروں کو تباہ کر رہا ہے، حمود الرحمان کمیشن رپورٹ کا خلاصہ ہے کہ ایک آدمی نے اپنی طاقت کے لیے ملک کی جمہوریت کو تباہ کیا۔ عمران خان نے کہا کہ سانحہ سقوط ڈھاکا میں اربوں ڈالر کا نقصان ہوا دنیا بھر میں ذلت ہوئی، 90 ہزار قیدی بنے اور 50 ہزار پاکستانیوں کو قتل کیا گیا جس کے بعد حمودالرحمان کمیشن رپورٹ چھپا دی گئی، کمیشن رپورٹ کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ اس سے سبق سیکھو۔