صوابی پولیس کے مال خانے میں دھماکا، 2اہلکار شہید

48

صوابی (صباح نیوز)صوبہ پختونخوا کے شہر صوابی کے پولیس اسٹیشن کے مال خانے میں رکھے بارود میں دھماکے کے نتیجے میں 2 اہلکار شہید جبکہ کم از کم17 پولیس اہلکار زخمی ہو گئے جبکہ دھماکے سے اسٹیشن میں موجود بیرکس منہدم ہو گئے۔تھانہ صوابی سٹی کے مال خانے میں زور دار دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں ڈیوٹی پر مامور ایک اہلکار شہید جبکہ 17افراد زخمی ہوئے ہیں۔ جنہیں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ ڈی پی او صوابی ہارون رشید نے بتایا کہ دھماکا مال خانے میں رکھے بارود میں ہوا جس کے نتیجے میں 17 اہلکار زخمی ہو گئے۔پولیس ذرائع کے مطابق دھماکے کے بعد عمارت میں لگی آگ کو ریسکیو اہلکار بجھانے میں مصروف ہیں۔پولیس ذرائع کے مطابق دھماکے کی وجہ سے بیرکس منہدم ہوگئیں اور ملبے تلے متعدد افراد دبے ہوئے ہیں جن کو نکالنے کے لیے آپریشن جاری ہے۔دھماکے کے بعد صوابی کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ دھماکے کے بعد باچا خان میڈیکل کمپلیکس میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔