مسئلہ فلسطین کی طوالت سے دنیا کاامن تباہ ہوجائیگا، شہباز شریف

27

نیویارک (اے پی پی+صباح نیوز)وزیراعظم محمد شہبازشریف نے غزہ میں اسرائیلی درندگی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ اسرائیل فلسطینیوں کی نسل کشی اور درندگی کامظاہرہ کر رہاہے ،پاکستانی عوام کے دل فلسطینی بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں،پاکستان نے فلسطینی بھائیوں کی ہر ممکن مدد کی ہے،فلسطین کے معاملے کو طوالت دی گئی تو دنیا کا امن تباہ ہو سکتا ہے،اقوام عالم فلسطین کی آزاد ریاست کی تشکیل یقینی بنائے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعرات کو اقوام متحد ہ کی جنرل اسمبلی کے 79 ویں اجلاس کے موقع پر فلسطین کے صدر محمود عباس سے ملاقات اور میڈیاسے گفتگو میں کیا۔ اس موقع پر فلسطین کے صدر محمود عباس نے کہاکہ روزاول سے پاکستان فلسطین کے ساتھ ہے اور قیام پاکستان کے بعد 1948ء سے لے کر آج تک پاکستان اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے اور پاکستان نے ہمیشہ فلسطینی عوام کی ہرممکنہ مدد کی ہے ۔دریں اثنا وزیراعظم محمد شہبازشریف سے نیویارک میں یورپی کمیشن کی صدر محترمہ ارسلا وان ڈیر لیین نے ملاقات کی۔ بات چیت میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعظم نے محترمہ ارسلا کو یورپی کمیشن کی دوبارہ صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی ۔مزید برآںجمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 79ویں اجلاس کے موقع پر بل اینڈ میلنڈا گیٹس فائونڈیشن کے بانی اور شریک چیئرمین بل گیٹس نے ملاقات کی۔رواں برس جون میں بل گیٹس کے دورہ پاکستان کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے دسمبر 2024ء میں سیٹل میں گیٹس فائونڈیشن کے دورے کی دعوت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔