صدر زرداری کی نوابزادہ نصر اللہ خان مرحوم کیلیے نشان امتیاز کی سفارش

30

اسلام آباد (اے پی پی) صدر مملکت آصف زرداری نے نوابزادہ نصر اللہ خان مرحوم کو جمہوریت، اتحاد اور انصاف کیلیے غیر متزلزل لگن کے اعتراف میں نشان امتیاز (بعد از مرگ) دینے کی سفارش کی ہے۔ ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت نے کابینہ ڈویژن کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایوارڈ دینے کا عمل شروع کریں۔ صدر مملکت کا کہنا تھا کہ نوابزادہ نصر اللہ ممتاز اور باوقار سیاستدان تھے۔ ان کی زندگی جمہوریت کی ترقی اور پاکستان کی سیاسی سالمیت کیلیے وقف تھی۔ صدرمملکت آصف زرداری نے کہا کہ نوابزادہ نصر اللہ خان کی بے مثال دیانت، رواداری اور جمہوری اقدار آئندہ آنے والی نسلوں کی حوصلہ افزائی کا ذریعہ ہوں گی۔ نوابزادہ نصر اللہ خان مرحوم کی آج 27 ستمبر کو 21 ویں برسی منائی جا رہی ہے۔