190 ملین پائونڈ کیس،عمران خان کے وکیل کو جرح کیلئے آخری مہلت

151

اسلام آباد( نمائندہ جسارت)احتساب عدالت نے 190 ملین پاؤنڈز کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے وکیل کو نیب تفتیشی افسر پر جرح کے لیے آخری مہلت دے دی۔بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کیخلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت 27 ستمبرتک ملتوی کردی گئی۔ ملزمہ کے وکیل کی عدم حاضری پر ملتوی کی گئی۔ نیب پراسکیوشن ٹیم نے اعتراض اٹھایا کہ وکلاء صفائی کی جانب سے سماعت ملتوی کرنے کی درخواست تاخیری حربے ہیں احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے سابق وزیراعظم عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس کی سماعت اڈیالہ جیل میں کی۔سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کو جیل میں قائم عدالت پیش کیا گیا، سماعت کے موقع پر انتظار پنجھوتہ، نعیم پنجھوتھا اور فیصل فرید جبکہ نیب کی جانب سے سردار مظفر عباسی لیگل ٹیم کے ہمراہ عدالت پیش ہوئے۔ وکلائے صفائی کی جانب سے عدالت میں درخواست پیش کی گئی، جس میں کہا گیا کہ بشریٰ بی بی کے وکیل عثمان گل بیمار اور ڑ ڈینگی میں مبتلا ہیں، لہٰذا سماعت ملتوی کی جائے۔