پاکستان مزید بدمعاشی کی سکت نہیں رکھتا ، محمود اچکزئی

66

کوئٹہ (آن لائن) تحفظ آئین پاکستان موومنٹ اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ و رکن قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ پاکستان مزید بدمعاشی اور زورزبردستی کی سکت نہیں رکھتا ،ملک کے مسائل کا حل نئے انتخابات ، پارلیمنٹ اور قانون کی بالادستی، اداروں کی عدم مداخلت سے ہی ممکن ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے معرض وجود میں آنے سے لے کر اب تک ہونے والے بڑے بڑے سانحات سے ہم نے کوئی سبق نہیں سیکھا حالانکہ ملک ،قومیں سانحات سے سبق سیکھتی ہیں لیکن ہم نے آج بھی وہی روش اپنا رکھی ہے کیونکہ پاکستان ایک بہترین اور خطے میں ایک مضبوط اور طاقتور ترین ایٹمی قوت ملک ہے علاقائی اتحاد قائم کرکے ہم خطے میں جنگ اور دہشت گردی کے خطرات کو ختم کرسکتے ہیں اس میں چین اپنا کلیدی کردار ادا کرسکتا ہے کیونکہ خطے میں چین ، ازبکستان، ترکمانستان، ایران ، افغانستان سمیت دیگر ملک بھی شامل ہیں یہ لڑائی جھگڑے اور جنگ تباہی کا باعث بنتے ہیں اس لئے ہمیں امن کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ۔