چین کابین البراعظمی بیلسٹک میزائل کا ایک اورتجربہ

146

بیجنگ ( مانیٹرنگ ڈیسک ) چین نے آزمائشی مقاصد کے لیے ایک بین البراعظمی بیلسٹک میزائلICBM بحر الکاہل میں داغا ہے۔چینی وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جعلی وار ہیڈ لے جانے والا میزائل بحر الکاہل سے دور مقررہ علاقے میں جا گرا۔بیان میں کہا گیا کہ آزمائشی تجربہ چینی فوج کے سالانہ تربیتی منصوبے میں ایک معمول کی سرگرمی تھی جسے بین الاقوامی قوانین کے مطابق کیا گیا اور اس میں کسی ملک کو نشانہ نہیں بنایا گیا ہے۔البتہ اس بارے میں معلومات فراہم نہیں کی گئیں کہ سمندر میں میزائل کس جگہ گرا ہے۔چین کی طرف سے اب تک کا سب سے جدید بین البراعظمی بیلسٹک میزائل “ڈونگ فنگ (ایسٹ ونڈ) 41 ہے جس کی مسافت 15 ہزار کلومیٹر تک ہے۔چین نے پہلی بار 1980 ء میں ایک بین البراعظمی بیلسٹک میزائل جنوبی بحرالکاہل میں آزمائشی مقاصد کے لیے داغا تھا۔یاد رہے کہ 5500کلومیٹر سے زیادہ مسافت والے بیلسٹک میزائلوں کو بین البراعظمی کہا جاتا ہے۔