کوئٹہ میں پولیس موبائل پر دھماکا، 2 اہلکار سمیت 12 افراد زخمی

91
کوئٹہ: مشرقی بائی پاس پر دھماکے سے تباہ ہونے والی کار و پولیس موبائل کے قریب لوگ جمع ہیں
کوئٹہ: مشرقی بائی پاس پر دھماکے سے تباہ ہونے والی کار و پولیس موبائل کے قریب لوگ جمع ہیں

کوئٹہ پشاور (آن لائن،مانیٹرنگ ڈیسک) بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں پولیس موبائل پر دھماکے کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار سمیت 12 افراد زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں مشرقی بائی پاس کے قریب دھماکا ہوا ہے، خالق شہید تھانے کی موبائل گشت پر تھی کہ موبائل گاڑی کو ریموٹ کنٹرول ڈیوائس سے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار سمیت 12 افراد زخمی ہوئے جبکہ واقعے میں ایک زخمی کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔دھماکا ہوتے ہی ریسکیو ٹیمیں، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے اہلکار دھماکے کی جگہ پہنچ گئے، جنہوں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کردیں۔زخمیوں کو ابتدائی شعبہ حادثات سول اسپتال میں طبی امداد کے بعد مزید علاج کے لیے ٹراما سینٹر منتقل کردیا گیا۔اسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں کی شناخت عبدالحفیظ، محمد عیسی، قدیر احمد، نعمت اللہ، عبدالقدیر، دین محمد، خلیل احمد، نسیم، حسنین، سیف اللہ، نعمت ولد حاجی محمد افضل اور عبدالقاہر کے نام سے ہوئی ہے۔پولیس نے بتایا کہ بم ڈسپوزل سکواڈ کو طلب کر لیا گیا ہے۔علاوہ ازیںجنوبی وزیرستان کی تحصیل سروغہ کے علاقے کونرائی راغزئی میں مبینہ ڈرون حملے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہوگئے۔رپورٹ کے مطابق مقامی ذرائع نے ڈرون حملے کی تصدیق کی ہے اور متوفی کی شناخت سیف اللہ محسود جبکہ زخمیوں کی شناخت مرتضیٰ، حمید خان اور عابد کے نام سے کی ہے تاہم حکام کی جانب سے ڈرون حملے کی تصدیق نہیں کی گئی، زخمیوں کو علاج کے لیے ڈیرہ اسمٰعیل خان کے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔اپر جنوبی وزیرستان کے ڈپٹی کمشنر سلیم جان سے رابطہ کرنے پر معلوم ہوا کہ یہ ایک بم دھماکا تھا جس میں 4 افراد زخمی ہوئے، انہوں نے بتایا کہ دھماکے سے متعلق تحقیقات جاری ہیں۔