فیصل آباد(وقائع نگارخصوصی)جماعت اسلامی کے ساتھ حکومتی معاہدے کے 45روز مکمل، حکومت نے راولپنڈی معاہدے پر عمل درآمد نہیں کیا ، معاہدے سے فرار کا راستہ حکومت کو مہنگاپڑے گا۔حافظ نعیم الرحمن کی کال پر 29 ستمبر کو پورے ملک کی شاہراہوں پر دھرنے ہوں گے۔4اکتوبرکا فیصل آباد میں بڑاعوامی جلسہ ہوگا ۔ جماعت اسلامی کے ضلعی امیرپروفیسرمحبوب الزماں بٹ نے ضلعی تنظیم کے ہنگامی اجلاس میں تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہاکہ 23سے 27 اکتوبر تک عوامی ریفرنڈم ہوگا جس میں ملک بھر کے عوام الناس سے بجلی کے بلوں کے بائیکاٹ پررائے لی جائے گی،حافظ نعیم الرحمن ملک گیرپہیہ جام ہڑتال کا بھی اعلان کریں گے جس کے بعد ملک بھر سے لانگ مارچز کا آغاز ہوگا اور بڑے قافلے کی صورت میں اسلام آباد جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ حکومت ہوش کے ناخن لے اور بجلی و گیس کے بلوں، پیٹرول کی قیمتوں پر عوام کو فوری ریلیف دے۔ حکومت نے راولپنڈی معاہدے پر مقررہ مدت میں عملدرآمد نہیں کیا، دکھاوے کے چند اقدامات کا اعلان کیا گیا جو کسی بھی کو منظور نہیں ہیں۔ حکومت آئی پی پیز معاہدے ختم کرے، جاگیرداروں پر ٹیکس لگائے اور تنخواہ دار طبقے اور تاجروں کو ٹیکس میں ریلیف دے، اسی طرح حکمران اپنی عیاشیاں اور مراعات ختم کریں اور سود کی شرح کو بتدریج کم کیا جائے۔ ان اقدامات سے ہونی والی اربوں روپے کی بچت کو بجلی کے بلوں میں کمی کے لیے استعمال کیا جائے ۔انہوںنے کہا کہ پیٹرول کی قیمت کو عالمی منڈی کے مطابق لایا جائے اور پیٹرولیم لیوی ختم کی جائے، حکومت کو عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں کمی سے کم وبیش 25ارب ڈالر کا فائدہ امپورٹ بل کی صورت میں حاصل ہوا ہے، اس فائدے سے عوام کو ریلیف ملے تو پیٹرول کی قیمت 150روپے فی لیٹر تک آجائے گی۔ ایف بی آر کرپشن کا گڑھ ہے، اس میں اصلاحات لائی جائیں۔