ڈی جی بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ڈائریکٹر کے اچانک دورے

201

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سندھ ذوالفقار شیخ نے لاڑکانہ اور خیرپور اضلاع میں بینظیر کفالت وظائف کی ادائیگی کے لئے قائم کردہ خصوصی مراکز کے اچانک دورے کیے اور شکایات کا ازالہ کیا۔ڈی جی بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سندھ ذوالفقار شیخ نے لاڑکانہ شہر میں قائم دو کیمپوں پر عوام کا جم غفیر ہونے کے باوجود سگنلز کی کمی و تکنیکی خرابی کی وجہ سے ادائیگیوں میں تاخیر کا سخت نوٹس لیا اور متعلقہ بینک کے اعلیٰ حکام سے بات کی جس کے بعد ادائیگیاں شروع کی گئیں۔انہوں نے ضلع ڈائریکٹر کو کہا کہ بلاتعطل ادائیگیوں کے لئے بینک عملے سے رابطہ میں رہا جائے- ڈی جی نے رتوڈیرو اور نو ڈیرو کے ادائیگی مراکز کا بھی اچانک دورہ کیا اور وہان پر ایجنٹوں کی کمی و سہولیات کے فقدان کا نوٹس لیا اور متعلقہ بینک اور بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام کے عملے کو لاڑکانہ شہر میں ایک اضافی کیمپ قائم کرنے اور موجودہ کیمپوں پر اضافی ایجنٹس مہیا کرنے کی ہدایات جاری کیں اور کہا کہ جہاں جہاں خواتین کا رش ہے وہان ایجنٹس بڑھائے جائیں تاکہ رش سے بہتر طریقے سے نمٹا جاسکے اور خواتین کو وظائف کی ادائیگی باعزت طریقے سے کی جائے جو کہ ان کا حق ہے۔ ڈی جی سندھ کی ہدایات پر لاڑکانہ میں 4بینک ایجنٹس کو عوامی شکایات کے تحت بلیک لسٹ بھی کیا گیا ہے- ڈی جی سندھ نے تعاون کرنے پر چیئرمین ضلع کونسل لاڑکانہ اعجاز علی لغاری، میئر انور علی اور ڈی سی لاڑکانہ ڈاکٹر شرجیل نور کا شکریہ ادا کیا اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ضلعی ڈائریکٹر ایاز شیخ کو انتظامیہ و منتخب نمائندوں سے رابطے میں رہنے کی ہدایات دیں تاکہ کفالت وظائف حاصل کرنے والی خواتین کو بہتر و شفاف طریقے سے ان کی رقم مہیا کرنے کو یقینی بنایا جا سکے۔ڈی جی بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سندھ نے خیرپور ضلع میں بھی کیمپ سائٹس کا دورہ کیا اور افسران کو ہدایت کی کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے وظائف حاصل کرنے والے مستحقین کو ان کے وظائف شفاف انداز مین مہیا کرنے کو یقینی بنائیں۔