کراچی (اسپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ سلیکٹرز نے گزشتہ روز انگلینڈ کے خلاف ملتان میں 7 سے 11 اکتوبر تک ہونے والے پہلے ٹیسٹ کے لیے 15 کھلاڑیوں پر مشتمل اسکواڈ کا اعلان کردیا۔ اسکواڈ کے اعلان کے بعد ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی کی تجویز پر منتخب کھلاڑیوں کو چیمپئنز ون ڈے کپ کے پلے آف سے دستبردار کر دیا گیا تاکہ انہیں سیریز سے قبل کچھ آرام مل سکے۔ اسکواڈ پیر 30 ستمبر کو ملتان میں جمع ہو گا جہاں تربیتی کیمپ یکم اکتوبر سے شروع ہوگا۔ اسکواڈ (پہلے ٹیسٹ کے لیے)۔ شان مسعود (کپتان) سعود شکیل (نائب کپتان) عامر جمال، عبداللہ شفیق، ابرار احمد، بابر اعظم، میر حمزہ ، محمد ہریرہ، محمد رضوان (وکٹ کیپر) نسیم شاہ، نعمان علی، صائم ایوب، سلمان علی آغا، سرفراز احمد (وکٹ کیپر) اور شاہین شاہ آفریدی۔ 15 ٹیسٹ میچوں میں 47 وکٹیں لینے والے بائیں ہاتھ کے اسپنر نعمان علی نے فاسٹ بولر خرم شہزاد کی جگہ لی ہے جو انجرڈ ہیں۔ کامران غلام اور محمد علی جو بنگلا دیش کیخلاف سیریز میں ٹیسٹ اسکواڈ کا حصہ تھے سلیکٹرز کی پلاننگ میں مضبوطی سے قائم ہیں۔