قومی ہاکی ٹیم کانسی کا تمغہ جیتنے کے باوجود ڈیلی الائونس سے تاحال محروم

90

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) چین میں کھیلی جانے والی ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں کانسی کا تمغہ جیتنے والی پاکستان ہاکی ٹیم تاحال ڈیلی الاؤنس سے محروم ہے۔ ذرائع کے مطابق کھلاڑیوں کو نہ تو کیمپ کے دوران گزارے گئے 25 روز کا ڈیلی الاؤنس ملا ہے اور نہ ہی چین میں 25 روز کا انٹرنیشنل ڈیلی الاؤنس مل سکا ہے۔ کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک ڈیلی الاؤنس 3 ہزار روپے جبکہ انٹرنیشنل ڈیلی الاؤنس 35 ہزار روپے ملتا ہے۔ بھارت نے چین کو شکست دیکر 5ویں مرتبہ ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کا ٹائٹل جیت لیا چین نے پاکستان کو سیمی فائنل میں شکست دے کر فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ واضح رہے کہ پاکستان ہاکی ٹیم چین کے دورے پر 24 اگست کو روانہ ہوئی تھی اور چیمپئنز ٹرافی سے قبل وہاں پریکٹس میچز کھیلے لیکن کھلاڑیوں کو فیڈریشن ایشین چیمپئنز ٹرافی سے ایک روز پہلے سے ڈیلی الاؤنس پر زور دینے کا کہہ رہی ہے۔ کھلاڑیوں کا فیڈریشن سے مکمل 25 روز کے ڈیلی الاؤنس کی ادائیگی کا مطالبہ ہے۔