عمران خان کے ملٹری ٹرائل پر فیصلے کی درخواست نمٹا دی گئی

180

اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی ممکنہ ملٹری حراست اور ٹرائل کو روکنے کی درخواست کو نمٹا دیا۔

میڈیا ذرائع کے مطابق جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے اس درخواست پر سماعت کی جس میں عمران خان نے اپنی ممکنہ ملٹری ٹرائل کو روکنے کی استدعا کی تھی۔

دوران سماعت ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل اور وزارت دفاع کے نمائندے عدالت میں پیش ہوئے۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ وفاقی حکومت نے ابھی تک عمران خان کے ملٹری ٹرائل کا کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر ملٹری ٹرائل کا فیصلہ کیا گیا تو رول 549 کے تحت قانونی پروسیجر کو مکمل طور پر فالو کیا جائے گا۔

حکومت کے جواب کو مدنظر رکھتے ہوئے عدالت نے عمران خان کی درخواست کو نمٹا دیا کیونکہ فی الحال ملٹری ٹرائل کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔