سکھر : حزب اللہ جکھرو کا انٹری ٹیسٹ پر بد انتظامی کی انکوائری کا مطالبہ

127

سکھر (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی ضلع سکھر مولانا حزب اللہ جکھرو نے میڈیکل کالجز داخلے کے لیے آئی بی اے پبلک اسکول میں منعقد ہونے والے انٹری ٹیسٹ کے موقع پر بد انتظامی پر اظہارِ افسوس و مذمت کرتے ہوئے انکوائری کا مطالبہ کیا ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سندھ بھر سے تقریباً 38 ہزار اُمیدوار اور ضلع سکھر سے تقریباً ساڑھے 4، 5 ہزار اُمیدواروں نے انٹری ٹیسٹ دیا، جبکہ طلباء اُمیدواروں سے فیس کی مد میں کم و بیش ساڑھے 4 کروڑ روپے کی وصولی کے باوجود آنے والے اُمیدواروں اور ان کے لواحقین عزیز و اقرباء کو ٹیسٹ لینے والی انتظامیہ کی جانب سے خاطر خواہ انتظامات نہ کیے جانے کے باعث نہایت مشکلات و پریشانی کا سامنا کرنا پڑا، اُمیدواروں اور لوگوں کے لیے ڈھنگ سے نہ بیٹھنے، نہ دھوپ سے بچاؤ اور نہ پانی کا انتظام تھا، بڑی تعداد میں لوگوں کی موجودگی میں سخت گرمی حبس کے سبب بعض اُمیدوار بچیاں اور لوگ بے ہوش ہوگئے، ہزاروں افراد دربدر گھومتے پھرتے رہے، ان کے لیے بیٹھنے اور رہنمائی کا معقول بندوبست تک دیکھنے میں نہیں آیا، مستقبل کے معماروں کیساتھ یہ سلوک قابل افسوس و مذمت ہے جس کی ذمہ داری متعلقہ ذمہ داران پر عائد ہوتی ہے۔