پاکستان اور انگلینڈ کرکٹ ٹیموں کی میزبانی کے لیے تیار ہیں، ڈپٹی کمشنر ملتان

186

ملتان(نمائندہ خصوصی)ڈپٹی کمشنر ملتان وسیم حامد سندھو نے کہا ہے کہ شہر اولیا کے شائقین کرکٹ پاکستان اور انگلینڈ ٹیسٹ سیریز کی میزبانی کے لیے تیار ہیں۔ کراچی ٹیسٹ ملتان منتقل کردیاگیا ہے، 7 سے 20 اکتوبر تک 2 ٹیسٹ میچوں کے لیے انتظامات شروع کر دیے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی انتظامیہ اور کرکٹ بورڈ کے مشترکہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے ٹیسٹ سیریز کے لئے بھرپور سیکورٹی انتظامات کرنے کا حکم دیا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پاک انگلینڈ ٹیسٹ ٹیموں کے مجوزہ قیام و سیکورٹی پلان کو حتمی شکل دے دی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ رومینزہ ہوٹل ڈی ایچ اے سے ملتان کرکٹ اسٹیڈیم کا روٹ براستہ متی تل ، نادرن بائی پاس، وہاڑی روڈ سے ملتان کرکٹ ا سٹیڈیم ہو گا۔ انگلینڈ کرکٹ بورڈ کی سیکورٹی ٹیم 26 ستمبر کو ملتان پہنچ کر سیکورٹی آڈٹ کرے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ کرکٹ اسٹیڈیم اور روٹس پر خصوصی صفائی کے انتظامات کیے جائیں گے۔ ضلعی محکمے کرکٹ میلے کو کامیاب بنانے کیلئے فوری اقدامات کریں۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد سیف اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس مبشر الرحمن سمیت دیگر بھی موجود تھے۔