راولپنڈی ، کھیلتا پنجاب گیمز کے پہلے فیز کا آغاز2 اکتوبر سے ہوگا

76

راولپنڈی۔ (اسپورٹس ڈیسک)راولپنڈی کے 4 اضلاع میں کھیلتا پنجاب گیمز کے پہلے فیز کا آغاز 2 اکتوبر سے ہوگا ۔مقابلوں میں لڑکوں کی 12 اور لڑکیوں کی 6 گیمز شامل ہوں گی۔ ایونٹ میں لوکل کلبز کی ٹیم شرکت کریں گی۔ کھیلتا پنجاب گیمز کے مقابلے انٹر تحصیل سے شروع ہو کر صوبے کی سطح تک ہوں گے۔ راولپنڈی کے4 اضلاح کے کھلاڑیوں میں 70 لاکھ روپے کی انعامی رقم تقسیم کی جائے گی، ایونٹ کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
ڈویژنل اسپورٹس آفیسر وحید احمدنے کہا کہ کھیلتا پنجاب گیمز کی رجسٹریشن کے لیے کھلاڑی اور کلبز اپنے متعلقہ تحصیل، ڈسٹرکٹ اور ڈویژنل ا سپورٹس افسر سے رابطہ کر سکتے ہیں یا پنجاب اسپورٹس کے تحت اپنی آن لائن رجسٹریشن کروا سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ انٹر کلب ڈسٹرکٹ لیول، انٹر ڈسٹرکٹ ڈویژن لیول اور انٹر ڈویژن صوبائی سطح کے مقابلہ جات ہوں گے۔ہرضلع اپنے کھلاڑیوں میں 11 لاکھ 50 ہزار روپے کی انعامی رقم تقسیم کرے گا۔ ڈویژنل ا سپورٹس آفیسر نے کہا کہ پنجاب حکومت کی طرف سے بہت بڑے ایونٹ کا انعقاد کھلاڑیوں کے لیے خوش آئند ہے، اس سے نہ صرف کلبز کو کھیلنے کا موقع ملے گا بلکہ کھیلوں کی سہولیات بھی میسر آئیں گی۔