کوئٹہ: پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ حکمران ہوش میں نہ آئے تو دشمن افغانستان، ایران اور پاکستان کو خون میں نہلا دے گا۔
پارٹی کی مرکزی کمیٹی اور مرکزی کونسل سے خطاب کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ ہم نے ہمیشہ جمہوری پاکستان کے قیام کے لیے مثبت بات کی ہے۔ آج افغانستان، ایران اور پاکستان کے حکمرانوں کی عقل کا امتحان ہے۔ حکمرانوں نے ہوش کے ناخن نہ لیے تو اس پر قبضہ کرنے کے لیے دشمن آگ اور خون کے دریا میں نہلا دے گا۔
انہوں نے کہا کہ دنیا یہاں (خطے میں) ایک اور جنگ مسلط کرنا چاہتی ہے کیوں کہ وسطی ایشیا میں وافر مقدار میں تیل ، گیس ، بجلی ودیگر وسائل دستیاب ہیں۔ ہمیں ان کے درمیان استعمال نہیں ہونا ہوگا بلکہ باہمی متحد ہونا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کی تمام اقسام کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔
محمود اچکزئی کا کہنا تھا کہ ہمارے کوئلے اور دیگر معدنیات پر جو بھی حملہ آور ہیں، آئین کا احترام کرکے ہمارے وسائل پر ہمارے اختیار کی آئینی ضمانت دیں، تب یہ ملک چلنے کے قابل ہوگا۔