جماعت اسلامی کا اسرائیلی دہشتگردی کیخلاف 6 اور 7 اکتوبر کو احتجاج کا اعلان

137
Gaza Million March on Karachi

کراچی: امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کا کہنا ہے کہ امریکا اور ودیگر مغربی ممالک کی پشت پناہی میں اسرائیل کی جانب سے غزہ پر حالیہ جارحیت ودہشت گردی کے ایک سال مکمل ہونے پر جماعت اسلامی کے تحت پورے ملک میں یکم تا 7اکتوبر اہل غزہ و فلسطین سے اظہار یکجہتی کا ہفتہ منایا جائے گا،6اکتوبر کو کراچی میں عظیم الشان اور تاریخی ”غزہ ملین مارچ“کیا جائے گا۔

ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے  حافظ  نعیم الرحمن نے کہاکہ   7اکتوبر اسلام آباد میں مارچ اور پورے ملک میں 12بجے دن عوام اور ہر شعبہ زندگی وطبقے سے وابستہ افراد سڑکوں پر نکل کر اسرائیل کے خلاف بھرپور احتجاج کریں گے۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہناتھا کہ   ہمارا حکومت سے مطالبہ ہے کہ وہ بھی 7اکتوبر کو سرکاری طور پراحتجاج کا اعلان اور عوام سے سڑکوں پر نکلنے کے اپیل کرے،جماعت اسلامی کے راولپنڈی میں 14روزہ دھرنے میں حکومت سے کیے گئے تحریری معاہدہ کی مدت کے 45دن آج پور ے ہوگئے ہیں، کل منصورہ میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

انہوں نے مزید کہاکہ  حکومت نے عوامی ریلیف کے لیے کوئی خاطر خواہ عملی اقدامات نہیں کیے ہیں، ہم ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال کرچکے ہیں، ا ب پہیہ جام ہڑتال ایک یا تین دن اور اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ سمیت عوام سے بجلی کے بل ادانہ کرنے کی اپیل کے آپشن موجود ہیں۔

حافظ نعیم الرحمن کا مزید کہنا تھا کہ   حکومت اپنی عیاشیاں اور حکمرانوں کی شاہ خرچیاں ختم کرے، بڑے جاگیرداروں پر ٹیکس لگائے، تاجرو ں اور عوام پر ظالمانہ ٹیکس واپس لے، بجلی کی قیمتیں اس کی اصل لاگت کے مطابق اور پیٹرول کی قیمتیں مزید کم کرے، آئی پی پیز سے کیے گئے عوام دشمن اور ظالمانہ معاہدوں بالخصوص مخصوص آئی پی پیز کو نوازنے اور اربوں روپے کی کیپسٹی پیمنٹ کا بھاری بھرکم بوجھ عوام پر نہ ڈالا جائے۔