اسلام آباد پر قاتلوں اور ڈاکوؤں کا راج، رواں سال کے دوران کتنے افراد قتل اور وارداتیں ہوئیں؟

129

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں جرائم کی شرح میں نمایاں اضافہ، قاتلوں اور ڈاکوؤں کا راج دیکھنے کو مل رہا ہے، جہاں رواں سال کے دوران 117 افراد قتل کر دیے گئے اور چوری و ڈکیتی کی 3 ہزار سے زائد وارداتیں رپورٹ ہوئی ہیں۔

پولیس کی تازہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ آٹھ ماہ میں اسلام آباد میں 117 قتل کے واقعات رپورٹ ہوئے اور چوری اور ڈکیتی کے 3,000 سے زیادہ کیسز سامنے آئے، جن میں 12 شہری ڈکیتی مزاحمت کے دوران جان کی بازی ہار گئے۔

شہر میں گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کی چوری بھی بڑھ گئی ہے، جہاں 338 گاڑیاں اور 2,800 موٹرسائیکلیں چوری ہو چکی ہیں۔

خواتین اور بچوں کے ساتھ زنا بالجبر کے 38 واقعات بھی رپورٹ ہوئے جبکہ اغواء برائے تاوان کے 3 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

اسلام آباد کے مکین جرائم کی بڑھتی ہوئی شرح پر گہری تشویش کا اظہار کر رہے ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ جرائم میں اضافے کی وجوہات میں سیاسی مصروفیات، بے روزگاری اور مہنگائی شامل ہیں۔

بہت سے راہزنی کے واقعات شہریوں کی جانب سے رپورٹ ہی نہیں کیے گئے، جس سے جرائم کی مکمل تصویر سامنے نہیں آتی۔

پولیس نے شہریوں کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے تاکہ عوام کو امن و سکون فراہم کیا جا سکے اور جرائم کی روک تھام کی جا سکے۔