حکومت کو دی گئی مہلت ختم، پہلے شٹر ڈاؤن کی اب پہیہ جام کریں گے، حافظ نعیم الرحمٰن

151

کراچی: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ حکومت کے ساتھ کیے گئے معاہدے کی 45 دن کی مدت مکمل ہوچکی ہے، پہلے شٹر ڈاؤن کی اب پہیہ جام کریں گے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم نے کہا ہے کہ حکومت کو دی گئی 45 دن کی مہلت ختم ہونے کے بعد جماعت اسلامی احتجاج کا دائرہ وسیع کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ کل منصورہ میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا عوام سے بھرپور شرکت کی اپیل ہے۔ اگر حکومت نے عوام کو ریلیف فراہم نہیں کیا تو پہیہ جام ہڑتال کی جائے گی جیسا کہ پہلے شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ بجلی بحران اور آئی پی پیز (انڈیپنڈنٹ پاور پروڈیوسرز) کے معاہدوں کی مدت پوری ہونے کے باوجود حکومت انہیں ختم نہیں کر رہی جبکہ عوام پر کپیسٹی چارجز کی مد میں اربوں روپے کا بوجھ ڈالا جا رہا ہے۔ لوگوں کے بجلی کے بل گزشتہ سال کے مقابلے میں دوگنا ہو چکے ہیں، جو کہ ناقابل برداشت ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ایف بی آر کو غیر ضروری اختیارات دیے جا رہے ہیں، جس سے عوام کی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ حکومت عوام کو فوری ریلیف فراہم کرے ورنہ جماعت اسلامی کا احتجاج شدت اختیار کر جائے گا۔